کوٹری میں افسوسناک حادثہ، ڈمپر کی زد میں آکر 6 سالہ بچی جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 12th, December 2025 GMT
کوٹری:
اناتانی محلے میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں گھر کے باہر کھیلنے والی چھ سالہ معصوم بچی ابیرا محمود تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچی سڑک کے قریب کھیل رہی تھی کہ اچانک گزرنے والے ڈمپر نے اسے ٹکر مار دی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور مشتعل علاقہ مکینوں نے ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
تاہم بعد میں شہریوں نے ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ پولیس نے حادثے میں ملوث ڈمپر کو بھی تحویل میں لے لیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سینیٹر خرم ذیشان کی رہائشگاہ پر حملہ قابل مذمت اور تشویش ناک ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم چیئرمین نے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کی جان، مال اور سیاسی مؤقف کی حفاظت کو یقینی بنائے، چاہے وہ کسی بھی جماعت یا نظریے سے تعلق رکھتا ہو، اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ یہ سن کر نہایت افسوس اور تشویش ہوئی کہ پشاور میں پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے دو ملازمین زخمی ہوئے، یہ بہیمانہ حملہ ملک میں سیاسی اختلافِ رائے کے لیے بڑھتے ہوئے خطرات کی سنگین علامت ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ نہایت ضروری ہے کہ اس واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے، ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کی جان، مال اور سیاسی مؤقف کی حفاظت کو یقینی بنائے، چاہے وہ کسی بھی جماعت یا نظریے سے تعلق رکھتا ہو، اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جو شہریوں کے تحفظ اور سیاسی استحکام کی ضمانت بن سکیں۔