کرسمس، یومِ قائداعظم اور نیا سال، پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, December 2025 GMT
تینوں تہواروں کے موقع پر پنجاب بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرکے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ
محکمہ داخلہ پنجاب نے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے گائیڈ لائنز و احکامات جاری کردئیے۔ آئی جی پنجاب سمیت سی سی پی او لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے ریجنل، سٹی و ڈسڑکٹ پولیس حکام کمشنرز و ڈیپٹی کمشنرز کو سیکورٹی گائیڈ لائن بارے میں مراسلہ ارسال کیا گیا۔
گرجا گھروں، سفارتی مشنز اور عوامی مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ رھے گی ۔ کرسمس و نئے سال پر امن وامان یقینی بنانے کے لیے اضلاع کو جامع سیکورٹی پلان ترتیب دینے کے احکامات دیے گئے۔
تمام گرجا گھروں میں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور مکمل تلاشی لازمی قرار دی گئیں جبکہ کرسمس تقاریب کے دوران حساس مقامات پر 24 گھنٹے گشت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
یوم قائداعظم کی تقریبات کے لیے تعلیمی اداروں اور سرکاری مقامات پر خصوصی سیکیورٹی رکھنے کے احکامات دیے گئے۔ خفیہ معلومات کے لیے سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
پنجاب، مینارٹی کارڈ کی تعداد75ہزار سے1 لاکھ کر دی: مریم اورنگزیب
لاہور:(نیوز ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لبرٹی چوک میں کرسمس کے موقع پر منعقدہ بین المذاہب ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں تمام مذاہب کے ماننے والے بغیر خوف کے اپنی خوشیاں منا رہے ہیں اور یہ امن و تحفظ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ کی تعداد پچھتر ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی ہے جو کرسمس کے موقع پر ایک چھوٹا مگر بامعنی تحفہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اقلیتی برادری کے لیے سلام بھیجا ہے اور ان کی محنت کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام محفوظ ہیں اور پنجاب کی ترقی اور تحفظ مریم نواز کے ہاتھ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کرسمس کی تیاریاں جاری ہیں اور پنجاب کی ثقافت کے تمام رنگ واپس آ رہے ہیں، گزشتہ سال تیس برس بعد ہارس اینڈ کیٹل شو بحال کیا گیا جبکہ اس سال چھ، سات اور آٹھ فروری کو بسنت منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا پروگرام ایک تاریخی لمحہ ہے جس کا کبھی کسی نے تصور نہیں کیا تھا اور یہاں تمام مذاہب کے افراد موجود ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ مریم نواز کے پنجاب میں ہر مذہب کی نمائندگی بلاخوف ممکن ہے۔
انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کا سہارا بنیں، ظلم کے خلاف کھڑے ہوں اور امن کا پیغام عام کریں۔
سینئر صوبائی وزیر نے صوبائی حکومت کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ بچوں کو لیپ ٹاپ، پچاس لاکھ طلبہ کو اسکالرشپس دی جا رہی ہیں، سی سی ڈی عوام کی حفاظت کر رہی ہے، ایک ہزار کلینک آن ویل صحت کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں جبکہ گیارہ سو گرین بسیں عوام کو سستی اور باعزت سواری مہیا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال کی تباہی کے بعد آج سڑکیں صاف ہو رہی ہیں، صفائی اور ترقی کا عمل جاری ہے اور ایک لاکھ خاندانوں کو اپنا گھر اپنی چھت کے تحت چھت فراہم کی جا چکی ہے۔
مریم اورنگزیب نے آخر میں شرکاء کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد مل کر تاریخی کرسمس منائیں گے اور امن کا پیغام پوری دنیا تک پہنچائیں گے۔
اس موقع پر انہوں نے کرسمس کی مناسبت سے موم بتیاں روشن کیں، کیک کاٹا جبکہ لبرٹی چوک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔