دہلی سے یہ اچانک چیخ وپکار کیوں شروع ہوگئی ہے؟ بھارتی لیڈرشپ کو پاکستان کی طرف منہ کرکے ہذیانی انداز میں گالیاں بکنے اور الزام تراشی کرنے کا دورہ کیوں پڑگیا ہے؟ وہ تو اپنی فلم انڈسٹری اور میڈیا کے ذریعہ سے خود خطے کی سپر طاقت بناچکے تھے ، امریکی قوت کے تمام مراکز ان کے سر پر سایہ فگن تھے، پاکستان کے عاقبت نااندیش فتنہ پرور انتشاری بھی جی جان سے مودی کے مقاصد کی پاسداری پر یقین رکھتے تھے ۔ اس سب کےباوجود یہ اچانک کیاایسا ہوگیا کہ پہلے بھارتی وزیر دفاع’’ راج ناتھ سنگھ‘‘ اور اب آرمی چیف’’ اوپندرا دویدی ‘‘زباں وبیان کی چوکڑی بھول بیٹھے،الزام تراشی اور گالم گلوچ پر اتر آئے ، آخر کیوں ؟ یہ سب بےسبب تو ہو نہیں سکتا۔کل تک بھارت کی پالیسی یہ تھی کہ پاکستان تو مسئلہ ہی نہیں،ہمارا مقابلہ چین سے ہے ، اب پھر وہ پاکستان پاکستان چلانے لگا ہے،کیوں؟اس کا دکھ، اس کی پریشانی اور تکلیف ہم بہت اچھے سے جانتے ہیں،لیکن صد افسوس کہ بھارت کے دکھ کی اس گھڑی میں ہم بحیثیت فرد اور بحیثیت قوم قطعاً اس سے ہمدردی نہیں رکھتے، کیونکہ اس کا دکھ ہماری خوشی سے وابستہ ہے ، ان کی تکلیف ہماری ترقی اور کامیابی کا لازمی نتیجہ ہے۔
بھارتی آہ وبکا کی ٹائمنگ کو دیکھیں تو صاف سمجھ آتی ہے کہ ان کے درد کی وجوہات دو ہیں۔ اول یہ کہ پاکستان اور بنگلہ دیش جس تیزی سے ایک دوسرے کے قریب آرہے ہیں ، وہ بھارت کے لئے اک ڈرائونا خواب ہے ۔ اس نے ربع صدی کی محنت سے پاکستان کے اندر غدار خریدے ،میرجعفر وصادق کے وارث میر دریافت، ان کی مدد سے مشرقی پاکستان میں خون کی ہولی کھیلی ، قتل عام کیا، پاکستان کو دو لخت کرنے میں کامیابی حاصل کی ، اس بے شرمی کے’’ چہلم ‘‘ یعنی چالیس برس مکمل ہونے پر حسینہ واجد کی قیادت میں ڈھاکہ میں جشن منایا گیا اور اپنے میروں ، غداروں کے وارث بلا کر انہیں ایوارڈ دئیے گئے ۔ غیرت وحمیت سے تہی دامن وتہی دست میر جعفر کے یہ وارث اس قدر بے باک ثابت ہوئے کہ نہ صرف اپنی غداریوں پر ایوارڈ لینے جا پہنچے، بلکہ پاکستان کی افواج پر کیچڑ اچھالتے، شہدا کی توہین کرتے پاکستان سے معافی مانگنےکا مطالبہ بھی کرتے رہے ۔ دہلی سرکار اور اس کے ایجنٹ پاکستان میں 1971 جیسے مزید المیے تخلیق کرنے کے سازشوں میں مصروف تھے کہ ڈھاکہ جاگ اٹھا ، پاکستان کے خلاف لگایا گیا شیطانی مورچہ بنگالیوں کی غیرت ایمانی کے سامنے نہ صرف خس وخاشاک ثابت ہوا اور حسینہ واجد کو بھاگتے بنی بلکہ ڈھاکہ کے گلی کوچوں سے بھارت اور اس کے پالتو بنگلہ بدھو کی ایک ایک نشانی یوں کھرچ کر مٹادی گئی کہ اب کوئی نام لینے والا بھی نہیں بچا۔ یہ صدمہ ہی دہلی سرکارکے لئے کم وحشت ناک نہ تھا کہ اب بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات ، بیرونی مداخلت کے خلاف دونوں ممالک کی افواج کا اتحاد اور پاکستان سے دفاعی خریداری کے بنگلہ دیشی ارادے دہلی سرکار کو ہذیان بکنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ ایسے میں وہ اپنے بال نہ نوچے تو کیا کرے؟بنئے کی تو ساری سرمایہ کاری ڈوب گئی، ممکن ہے بات یہاں تک محدود نہ رہے۔ جس بھارت کو ہم جانتے ہیں ، وہ زخمی سانپ کی طرح ڈسنے کی کوشش کرسکتا ہے ، لیکن فکر کی بات اس لئے نہیں کہ ہم اسے جانتے ہیں اور دانت توڑنے کا ہنر بھی ہمیں معلوم ہے ۔ بقول کسے ’’ ہم نے پون صدی سے بھارت کو ہی پڑھا ہے ، سمجھا ہے ، اسی سے نمٹنے کی تیاری کی ہے ، ہمارا ہدف کوئی اور ہے ہی نہیں ۔‘‘
دہلی سرکار کا دکھ صرف یہ نہیں کہ ڈھاکہ اور اسلام آباد قریب آرہے ہیں ، سازشوں سے الگ کئے گئے دو جڑواں بھائی پھر سے گلے مل رہے ہیں، اس کا دکھ ایک اور بھی ہے۔ جس کی تفصیلات بھارتی دفاعی تجزیہ نگار’’ دنیش کے ووہرا ‘‘ نے بیان کی ہیں ، ووہرا نے اپنے ایک ویلاگ میں دعویٰ کیاہے کہ بھارت پاکستان کی طرف سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور حربی صلاحیتوں میں اضافے کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہے ۔ دہلی سرکار آج تک کہتی آئی ہے کہ وہ پاکستانی فوج کو کوئی خاص خطرہ نہیں سمجھتی ۔ تاہم چائنہ راہداری کی وجہ سے پاکستان کی حربی صلاحیتوں کے بارے میں بھارت کا خیال تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔دنیش کے مطابق معاشی چیلنجز کے باوجود،پاکستان کی فوج نے حربی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کیا ہے،خاص طور پر جدید ہتھیاروں کے حصول میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ تفصیل بیان کرتے ہوئے ووہرا نے کہاکہ پاکستان خطے میں ایک اہم قوت کے طورپر ابھر رہاہے، اس نے چین سے 40ففتھ جنریشن کے اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کے حامل لڑاکا طیاروںJ-35کے حصول کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے، جن کی پاکستان کی فراہمی 2026کے آخر تک شروع ہوجائیگی، جبکہ بھارت اس کے برعکس ابھی صرف فورتھ جنریشن کے جنگی طیاروں کے حصول کی جدوجہد کر رہا ہے ، اس میں بھی وہ ابھی کامیابی سے کوسوں دور ہے ۔جس سے معلوم ہوتاہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنے ہمسایہ ملک سے بہت پیچھے ہے ۔پاکستان پہلے ہی ففتھ جنریشن کے لڑاکاطیاروں کے حصول کا معاہدہ کر چکا ہے جبکہ بھارت کے پاس ان جدید طیاروں کے حصول کا کوئی واضح منصوبہ ہی نہیں ہے۔ ووہراکہتا ہے کہ اس کے موقف کی تصدیق بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر مارشل اے پی سنگھ کے حالیہ بیان سے بھی ہوتی ہے،جس میں وہ کہتا ہے کہ ’چین اور پاکستان دونوں نے بھارت کو جنگی صلاحیتوں کے شعبے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ووہرا جدید فوجی ٹیکنالوجی کے حصول میں پاکستان کی پیشرفت کاحوالہ دیتے ہوئے کہتا ہےکہ بھارت اس شعبے میں چین سے کئی دہائیوں پیچھے تھاتاہم اب وہ پاکستان سے بھی ایک دہائی پیچھے رہ گیا ہے۔ ایک جانب چینی اشتراک سے j-35 پاکستان کے ترکش کو خطرناک بنا رہا ہے تو دوسری جانب ترکیہ کے KAAN سسٹم کے حصول کے بعد جلد ہی بھارت پرپاکستان کی برتری مزید واضح اور فیصلہ کن ہو جائیگی ۔ بھارت کا رونا یہ ہے کہ وہ اب بھی مگ 21 جیسے فرسودہ طیاروں پر انحصار کر رہا ہے۔ جنہیں بڑے پیمانے پر حادثات کا شکار ہونے کی وجہ سےاڑتے ہوئے تابوت کہاجاتا ہے ۔ ووہرا غالباً بھارتی نیول چیف کا رونا بھول گیا ہے ، جس نے دسمبر کے آخر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ پاکستان نیوی مختصر وقت میں جس تیزی سے مستحکم ہوئی ہے ، وہ ہمارے لئے خطرہ ہے۔‘‘بہرحال بھارتی آرمی چیف ہو یا وزیر دفاع ہم یہی کہیں گے کہ تمہارا دکھ ہمیں معلوم ہے ، لیکن ہم دکھ کی اس گھڑی میں قطعاً تمہارے ساتھ نہیں ہیں ، خدا کرے کہ تمہارا یہ دکھ دن دگنی رات چگنی رفتار سے بڑھتا رہے۔ انشا اللہ
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: ٹیکنالوجی کے کہ پاکستان پاکستان کے پاکستان کی کہ بھارت کے حصول تیزی سے رہے ہیں رہا ہے کا دکھ
پڑھیں:
بھارتی خفیہ ایجنسی کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار مچھیرے کے اہم انکشافات
آپریشن سندور کی ناکامی اور عالمی سطح پر پاکستان کے ہاتھوں رسوائی کے بعد سے بھارت نے مسلسل پاکستان کو بدنام کرنے کی منظم مہم شروع کر دی ہے، اسی سلسلے کی ایک ناکام کوشش کو ہماری مستعد سیکیورٹی ایجنسیز نے بے نقاب کیا ہے۔اس کوشش میں انڈین انٹیلیجنس ایجنسی نے ایک پاکستانی مچھیرے کو پاکستان رینجرز، نیوی اور آرمی کی وردیاں اور دیگر سامان خرید کر بھارت بھیجنے کا ٹاسک سونپا، تاہم ہماری سیکیورٹی اداروں کی بروقت کاروائی نے بھارت کے اس منصوبہ بندی کا سراغ لگا لیا۔ اور مجرم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔اس کارروائی کی مکمل تفصیل اور ملزم کا اقبالی بیان بمعہ تمام ثبوت یہاں پیش کیا جارہا ہے۔پاکستانی سیکوریٹی ایجنسیاں گہرے سمندری پانیوں میں بھارتی ایجنسیوں کی مشکوک حرکات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اکتوبر 2025 میں سکیورٹی اداروں نے مسلسل نگرانی کے بعد ایک بظاہر عام سے مچھیرے سے مسلح افواج کی وردیاں اور مشکوک سامان برآمد کیا ہے۔ یہ شخص کچھ عرصہ سے مختلف دوکانوں سے پاکستانی افواج کے استعمال کی چیزوں کا پوچھ گچھ کرنے کی وجہ سے ہماری نظروں میں تھا۔ مشکوک سرگرمیوں کی تصدیق کے بعد ایک مشترکہ انٹیلیجنس آپریشن میں اس شخص کو فوجی وردیوں اور دیگر سامان سمیت اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا، جب وہ کشتی کے ذریعے اس سامان کو بھارت سمگل کرنا چاہ رہا تھا۔گرفتاری کے بعد ملزم سے اس کے مقاصد، روابط اور ممکنہ جاسوسی نیٹ ورک کے بارے میں تفصیلی تفتیش کی گئی۔ اور اس کے موبائل فون کے فرانزک تجزیے کے بعد مندرجہ زیل حقائق سامنے آئے۔اعجاز ملاح نے بتایا کہ وہ ایک غریب مچھیرا ہے جو گہرے پانی میں جا کر مچھلی پکڑتاتھا- وہ بھارتی خفیہ ایجنسی کےلالچ کی بھینٹ چڑھ گیا، ستمبر 2025 میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے اسے گہرے پانیوں میں مچھلی کا شکار کرتے ہوئے گرفتار کیا-
بعد ازاں اُسے ایک نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا جہاں بھارتی انٹلیجنس کے اہلکاروں نے اس سے ملاقات کی اوراسے بتایا کہ گرفتاری کے الزام کے تحت اسے بھارت میں دو سے تین سال قید کی سزا بھگتنی پڑے گی۔بھارتی اہلکاروں نے پیشکش کی کہ اگر وہ پاکستان کے اندر ان کے لیے کام کرے تو اسے رہا کیا جا سکتا ہے، جس پر اس نے لالچ اور دھمکیوں میں رضامندی ظاہر کی۔انہوں نے اسے کچھ سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی جو اسے پاکستان جا کر جمع کرنا تھا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے بھارت پہنچانا تھا۔پاکستان نے اس مچھیرے کی اپنے ہینڈلر سے کی گئی وائس چیٹ بھی حاصل کر لی ہے۔ جس میں اس کو چھ پاکستانی مسلح افواج کی مخصوص ناپ کی وردیاں (آرمی، نیوی اور سندھ رینجرز)، نام کی پٹیاں (جن پر مخصوص نام: عبید، حیدر، سہیل، ادریس، صمد اور ندیم لکھے ہوں)، تین زونگ موبائل سم کارڈ (جن کا بلینک خریداری انوائس کراچی کی دکان کے ساتھ ہوں)، سگریٹ کے پیکٹ، ماچس، لائٹر اور پاکستانی کرنسی کے 100 اور 50 کے نوٹ فراہم کرنے کو کہا۔اعجاز نے کراچی کی مختلف دوکانوں سے مطلوبہ سامان کا انتظام کیا، جس کی تصویریں اس نے بھارتی انٹلیجنس کو بھیجیں۔ اعجاز کو 95 ہزار روپے سامان کی تصاویر بھجوانے کے عوض ادا کیے گئے، جبکہ بقیہ رقم سامان کی کامیاب ترسیل کے بعد ادا کرنے کا وعدہ کیا گیا۔اکتوبر کے آغاز میں، وہ مبینہ طور پر مذکورہ سامان بھارت پہنچانے کے لیے سمندر کی سمت روانہ ہوا، تاہم پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔بھارتی سیاسی قیادت پاکستان دشمنی میں اندھی ہو چکی ہے۔ اور آپریشن سندور کی شکست کو بہار کے ریاستی انتخابات سے عین پہلے ایک فالس فلیگ آپریشن کے زریعے بدلنے کی کوشش کر رہی ہے.یہ میڈ ان پاکستان اشیاء سگریٹ ، لائٹرز ، اور کرنسی کسی ایسے جعلی مقابلے میں استعمال کرنے کا امکان ہے جس کے بعد یہ پرواپیگنڈہ کیا جا سکے کہ پاکستان بھارت میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں براہ راست ملوث ہے-پاکستان نیوی اور سندھ رینجرز کی مخصوص وردیوں کی طلب سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جعلی کارروائی ممکنہ طور پر بھارتی ریاست گجرات کے ساحلی علاقوں، خصوصاً کچھ یا بھوج میں انجام دینے کا منصوبہ ہے۔ اور اس سازش کو بھارت کی اسے علاقے میں ہونے والی جنگی مشقوں سے جوڑا جائے۔ان حاصل کردہ فوجی وردیوں اور دیگر سامان سے پاکستانی فوج کے حاضر سروس اہلکاروں کی گرفتاری کا جھوٹا ڈرامہ بھی کیا جاسکتا ہے۔زونگ سم کارڈز اس لیے شامل کیے گئے تاکہ مبینہ آپریٹرز یا آپریشن کی فنڈنگ اور مواصلاتی رابطے چینی عناصر سے منسوب کیے جا سکیں۔پاکستان اس گھناؤنے بھارتی آپریشن کے تمام شواہد اپنے بین الاقوامی دوستوں کے سامنے بھی پیش کر رہا ہے تاکہ بھارت کا مذموم چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔