خواتین سمیت منشیات فروش گروہ کے 8کارندے گرفتار، کروڑوں مالیت کی چرس برآمد
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
لاہور : پولیس نے خواتین سمیت منشیات فروش گروہ کے 8کارندے گرفتار کرکے کروڑوں مالیت کی چرس برآمد کرلی۔
زرائع کے مطابق اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی سربراہی میں ایس ایچ او فیکٹری ایریا نے پولیس ٹیم کے ساتھ بڑی کارروائی کرتے ہوئے خفیہ اطلاع پر دوران چیکنگ 3خواتین سمیت 8بین الاضلاعی منشیات ڈیلر کو منشیات کی ڈلیوری دینے کیلئے آتے رنگے ہاتھوں بھاری منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں گامن، روبن، ریحان، ناصر محمود، فوزیہ، لبنی شہزادی وغیرہ شامل ہیں۔
ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی 50کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پشاور سے آن لائن ذرائع استعمال کرکے منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی دینے کا اعتراف کرلیا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث اشتہاریوں سمیت 9 ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملتان میں کارروائی کر کے انسانی اسمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے ملتان زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث 9 ملزمان گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران اشتہاریوں سمیت 9 انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا۔ انسانی سمگلروں کو ملتان اور بہاولپور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں غوث بخش ، عطا الحسن عرف چاند شاہ ، محمد شوکت، محمد وقاص، اسامہ اشرف، محمد دین محمد، منو رام اور اظہر اقبال بھی شامل ہیں۔
ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے جبکہ ملزم غوث بخش نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 8 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ایف آئی اے کے مطابق اشتہاری ملزم محمد شوکت نے شہری کو دبئی کا ایمپلائمنٹ ویزہ فراہم کرنے کے عوض 5 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ ملزم سال 2023 سے اشتہاری ہے۔
ملزم چاند شاہ نے شہری کو دبئی بھجوانے کی غرض سے 1 لاکھ 80 ہزار روپے ہتھیائے، ملزم ملازم حسین نے شہری کو ایمپلائمنٹ ویزہ فراہم کرنے کے عوض 20 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے۔
اسی طرح ملزم محمد وقاص نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 13 لاکھ 35 ہزار روپے ہتھیائے، ملزم اسامہ اشرف نے سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 5 لاکھ 63 ہزار روپے ہتھیائے۔
اشتہاری ملزم محمد دین محمد شہری کو عمرہ کی غرض سے سعودی عرب بھجوانے کے لیے 2 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ ملزم منو رام نے شہری کو عرب امارات کا ویزہ فراہم کرنے کے لئے 9 لاکھ روپے بٹورے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم اظہر اقبال نے شہری کو سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 7 لاکھ روپے ہتھیائے اور پھر ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے جس کے بعد وہ رقوم وصول کر کے روپوش ہوگئے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں اہم پیشرفت اور انکشافات کا امکان بھی ہے۔