پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر قومی اسمبلی کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی
اشاعت کی تاریخ: 28th, January 2025 GMT
اسلام آباد : سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی عدم شرکت کی وجہ سے آج ہونے والا مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم کمیٹی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں طے ہوا تھا کہ سات ورکنگ دنوں میں دوبارہ اجلاس ہوگا، اور آج وہ مدت پوری ہو گئی تھی، اس لیے تمام جماعتوں کو اجلاس کی دعوت دی گئی تھی۔ لیکن پی ٹی آئی نے شرکت سے انکار کر دیا، جس کے بعد اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان سے رابطہ کیا گیا تھا، جنہوں نے اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد شرکت کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر آج وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ سپیکر نے کہا کہ اپوزیشن کی غیر موجودگی کے باعث مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکے، لیکن ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ مذاکرات جاری رہیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے کے لیے تیار ہے اور وہ مذاکرات کے ذریعے سیاسی استحکام کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے کے دوران بھی بات چیت کے ذریعے ہی مسئلہ حل ہوا تھا، اس لیے مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔
.ذریعہ: Nai Baat
پڑھیں:
اسحاق ڈار کی استنبول روانگی، فلسطین میں صورتحال پر بین الاقوامی اجلاس میں شرکت
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار استنبول پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فدان کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ اہم اجلاس غزہ کی حالیہ صورتحال پر غور و غوض کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ استنبول پہنچنے پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کا استقبال وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے پروٹوکول احمد جمیل میروغلو نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سفارتخانے کے حکام بھی موجود تھے۔