جیولری شاپ سے 18لاکھ مالیت کا ہار چوری کرنے والی خواتین کی فوٹیج سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, February 2025 GMT
راولپنڈی:
راولپنڈی میں قیمتی اشیاء چوری کرنے والی خواتین کے گروہ نے تھانہ بنی کے علاقے میں واقع جیولری شاپ پر بھی ہاتھ کی صفائی دِکھا دی۔
خاتون کی دیدہ دلیری سے جیولری شاپ پر سونے کا قیمتی ہار چوری کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا گیا کہ چند خواتین جیولری شاپ پر جیولری دیکھ رہی ہوتی ہیں کہ اس دوران ایک خاتون اچانک 6تولے کا قیمتی ہار اٹھا کر گود میں رکھ لیتی ہے۔ خاتون کو ہار گود میں رکھ کر انتہائی تیزی سے اس پر چادر ڈالتے بھی دیکھا گیا۔
خواتین کے جانے کے بعد جیولری شاپ کی انتظامیہ نے دیکھا تو ہار غائب تھا، خواتین دکان سے رکشے میں بیٹھ کر فرار ہوئیں۔
مالک کے مطابق ہار 6تولے کا تھا جس کی قیمت تقریباً 18 لاکھ روپے بنتی ہے۔
ایچ او تھانہ بنی راجہ حسنین ایس کا کہنا ہے کہ واقعہ رپورٹ ہوا ہے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی؛ آتشزدہ فیکٹری سے خواتین و مرد ملازمین کے خطرناک طریقے سے نکلنے کی ویڈیو سامنے آ گئی
کراچی:شہر قائد میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد خواتین و مرد ملازمین کے خطرناک طریقے سے نکلنے کی ویڈیو سامنے آ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی، تاہم فوری طور پر ملازمین کو نکالنے کے لیے کوئی خاطر خواہ نکلنے کے راستے یا انتظامات نظر نہیں آئے۔
فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں، جب کہ آگ لگنے کے دوران فیکٹری سے مرد و خواتین ملازمین کو کنسٹرکشن لفٹ سے لٹک کر باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین و مرد ملازمین فیکٹری کی کنسٹرکشن لفٹ سے لٹک کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ آگ لگنے سے متاثرہ فیکٹری پانچ منزلہ ہے، جہاں سے لٹک کر نکلنے کے دوران ممکنہ حادثہ کسی ملازم کی جان بھی لے سکتا تھا۔
آگ لگنے کے بعد کی صورت حال نے فیکٹری میں کسی ممکنہ حادثے کی صورت میں ملازمین کے بچاؤ سے متعلق انتظامات کے حوالے سے کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔