وزیراعظم کامہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ ہونے کا خیر مقدم
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوری 2025 میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر ریکارڈ ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہےکہ سال 2024 کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی جو دسمبر 2024 میں 4.1 فیصد تک کم ہوئی۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ چکی ہے، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہاکہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی سے تمام شعبوں میں ترقی کے مثبت اعشاریے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی شرح میں مزید کمی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے درست سمت میں ہونے کی سند ہے، حکومت پاکستان مہنگائی میں مزید کمی، عام آدمی کی زندگی میں بہتری اور قومی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
راولپنڈی بورڈ؛ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں پہلی تینوں پوزیشنز طالبات کے نام، کامیابی کی ریکارڈ شرح
راولپنڈی:بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا، جس میں طالبات نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی تینوں پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔
پہلی پوزیشن پنجاب کالج برائے خواتین تلہ گنگ کی طالبہ اریج شفقت حیات نے 1148 نمبر لے کر حاصل کی۔ اسی کالج کی عائشہ مشتاق نے 1139 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جب کہ رائل کالج آف سائنسز فار گرلز چکوال کی ایمان فاطمہ 1138 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔
بورڈ کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحان میں مجموعی کامیابی کا تناسب 54.12 فیصد رہا۔ طالبات نے بہتر کارکردگی دکھائی اور ان کی کامیابی کی شرح 62.4 فیصد رہی، جبکہ لڑکوں کی کامیابی کی شرح صرف 39.87 فیصد رہی۔
پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، اراکین صوبائی اسمبلی اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی شرکت کی۔
پوزیشن ہولڈرز کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور حنیف عباسی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور انعامات سے نوازا۔