وزیراعظم شہبازشریف کل دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے
اشاعت کی تاریخ: 9th, February 2025 GMT
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کل سے 11 فروری تک متحدہ عرب امارات کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں شرکت کریں گے۔ یہ سربراہی اجلاس گورننس، اختراعات اور بین الاقوامی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کے لیے منعقد ہو رہا ہے۔
سربراہ اجلاس میں ریاستوں/حکومتوں کے سربراہان، عالمی پالیسی ساز اور نجی شعبے کی سرکردہ شخصیات کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی، یہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا مارچ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد متحدہ عرب امارات کا دوسرا دورہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر اہم ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطح وفد بھی ہوگا۔ وفد متحدہ عرب امارات و دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کے استحکام کے پاکستان کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران، وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں کلیدی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کے خطاب میں جامع اقتصادی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور گورننس اصلاحات کے لیے پاکستان کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔
وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ دیگر ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سرکردہ سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ یہ تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور دیرینہ باہمی مفید تعاون پر قائم ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے اہم اقتصادی اور تزویراتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کا متعدد شعبوں میں مضبوط تعاون ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستانی تارکین وطن کی دنیا بھر میں پاکستانی تارکین وطن کی دوسری بڑی کمیونٹی ہے جو دونوں ممالک کی ترقی اور کامیابی میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستانی تارکین وطن کی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کا کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم کا دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، وسیع تر اقتصادی تعاون کے فروغ کا اہم قدم پر دورہ باہمی خوشحالی کے لیے شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دورہ برطانیہ منسوخ کردیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں حالیہ طوفانی بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر بہت افسوس ہے یہاں قومی امدادی سرگرمیوں اور ان سے یکجہتی کے لئے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کرتا ہوں۔ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں،جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، جو زخمی ہوئے، یا جن کے گھر اور روزگار تباہ ہو گئے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتِ پاکستان تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر رہی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو امداد فراہم کی جا سکے اور ریسکیو آپریشنز کیے جا سکیں۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے، مسلح افواج اور مقامی انتظامیہ متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل کرنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی ہے اور حکومت قریبی ہم آہنگی کے ساتھ فوری ضروریات کو پورا کرنے اور متاثرہ علاقوں کی طویل مدتی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں میرے نائب وزیرِاعظم انجیلا رینر، دولتِ مشترکہ کی سیکریٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے، برطانوی وزیرِ مملکت برائے خارجہ ہیمش فالکنر اور ہاؤس آف کامنز و ہاؤس آف لارڈز کے اراکین کے ساتھ پہلے سے طے شدہ سرکاری شیڈول کے علاوہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی سے مجوزہ ملاقات منسوخ کر رہا ہوں۔یہ فیصلہ ان متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، تعزیت اور قومی سطح پر جاری امدادی اور بحالی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ایونٹ کے تمام منتظمین سے دلی معذرت خواہ ہوں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ میں تمام پاکستانیوں سے، چاہے وہ ملک میں ہوں یا بیرونِ ملک ان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ متاثرہ خاندانوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں اور جس حد تک ممکن ہو، امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔\932