ملائیشیا میں قدرتی آفات سے ہلاکتیں، وزیر اعظم کا ملائیشین ہم منصب سے اظہار تعزیت
اشاعت کی تاریخ: 5th, December 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ملائیشیا داتو سری انور ابراہیم سے ملائیشیا میں حالیہ سمندری طوفان سے پیدا ہونے والے سیلاب پر اظہارِ یکجہتی کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور حالیہ قدرتی آفت سے ہونے والی تباہی پر اظہار یکجہتی کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے حالیہ سمندری طوفان کے باعث ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب اور بھاری تودے گرنے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان اور املاک کے خسارے پر، ملائشین وزیراعظم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کے دوران، ملائیشیا میں جان بحق افراد کے لیے تعزیت اور دیگر زخمیوں اور بے گھر ہونے والے شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیۓ دعائیہ جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے اس مشکل گھڑی میں ملائشین عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا اور ملائیشیا میں جاری امدادی اور ریسکیو کی کارروائیوں میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش بھی کی۔
مزید براں وزیراعظم نے کہا کہ ملائشین حکومت کو پاکستان سے امدادی کارروائیوں میں جس قسم کی بھی معاونت درکار ہو گی پاکستان فراہم کرے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ملائیشیا میں
پڑھیں:
کرغزستان کے صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر، نائب وزیراعظم سے بھی ملاقات
اسلام آباد:کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف پاکستان پہنچے تو وزیراعظم ہاؤس آمد پر انکا شاندار استقبال کیا گیا، اس دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کرغزستان کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔
وزیر اعظم نے معزز مہمان کو اپنی کابینہ کے اراکین جبکہ کرغزستان کے صدر نے اپنے وفد کا تعارف کروایا۔ کرغزستان کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر آئے ہیں۔
نائب وزیراعظم سے ملاقات
ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کرغزستان کے صدر سادِر ژاپاروف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق صدر ژاپاروف گزشتہ روز دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ دو دہائیوں بعد کسی کرغیز صدر کا یہ پہلا دورہِ پاکستان ہے۔
دفترِ خارجہ نے بتایا کہ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے صدر ژاپاروف اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ان تک صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان اعلیٰ سطح پر کرغزستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔ انہوں نے صدر ژاپاروف کو پاکستانی قیادت سے ہونے والی ان کی آئندہ ملاقاتوں، کاروباری طبقے کے ساتھ روابط، اور وسیع تر دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔