شوبز کے ابتدائی چند ماہ میں غیر مہذب آفرز کی گئیں، سارہ چوہدری کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 5th, December 2025 GMT
دینِ اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والی سابق اداکارہ سارہ چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کے ابتدائی چند مہینوں میں انہیں اور ان کی والدہ کو کئی غیر مہذب آفرز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سارہ چوہدری نے حال ہی میں فرخ وڑائچ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکیوں کو صرف شوبز میں ہی تنگ نہیں کیا جاتا بلکہ دیگر جگہوں پر بھی ایسی شکایات سامنے آتی ہیں، تاہم شوبز کو زیادہ توجہ ملتی ہے کیونکہ اس کے بارے میں لوگوں کا عمومی تصور یہی ہوتا ہے کہ شوبز میں کام کرنے والے افراد کا کردار درست نہیں ہوتا اور اسی سوچ کی بنیاد پر شوبز میں ایسی پیشکش زیادہ کی جاتی ہیں۔
سارہ چوہدر ی کا کہنا تھا کہ جب وہ شوبز میں کام کرتی تھیں تو ان کے ساتھ ہمیشہ ان کی والدہ موجود ہوتی تھیں، شوبز کے ابتدائی چند مہینے ان کے بجائے والدہ کے لیے بہت مشکل تھے۔
ان کے مطابق انہیں بعض ایسی پیشکشیں کی گئیں جنہوں نے ان کی والدہ کو سخت پریشان کر دیا تھا، ایک موقع پر والدہ رو بھی پڑی تھیں اور انہیں کہا تھا کہ شوبز چھوڑ دو، اپنی پڑھائی پر توجہ دو اور اس انڈسٹری میں مت جاؤ۔
سارہ چوہدری نے کہا کہ والدہ کو جو بات کہی گئی تھی وہ انتہائی غیر مہذب تھی، جسے وہ الفاظ میں بیان بھی نہیں کرنا چاہتیں۔
انہوں نے دبے لفظوں میں اس بارے میں بتایا کہ والدہ کو ایسا کہا گیا تھا کہ اگر سارہ چوہدری کو اس انڈسٹری میں لمبے عرصے تک رہنا ہے تو کچھ خاص چیزیں کرنی پڑیں گی، ورنہ وہ کامیاب نہیں ہوسکتیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شوبز میں کام کے دوران انہوں نے ہمیشہ اپنی کچھ حدود مقرر کی ہوئی تھیں اور وہ ہمیشہ پوری کوشش کرتی تھیں کہ ان حدود سے کبھی باہر نہ جائیں۔
خیال رہے کہ سارہ چوہدری نے 2001 میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور 2010 کے اوائل میں شوبز کو خیر باد کہہ دیا تھا، وہ اب شادی شدہ ہیں، پانچ بچوں کی والدہ ہیں اور زیادہ تر وقت مذہبی سرگرمیوں اور دین کے کاموں کے لیے وقف کرتی ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: سارہ چوہدری نے والدہ کو کی والدہ انہوں نے کہ شوبز تھا کہ
پڑھیں:
زچگی کے دوران انتقال کرنے والی ٹک ٹاکر پیاری مریم کے جڑواں بچوں کی حالت خطرے سے باہر
اپنے منفرد کانٹینٹ کی وجہ سے مشہور ہونے والی ٹک ٹاکر پیاری مریم دوران زچگی انتقال کرگئیں تاہم ان کے دونوں بچوں حالت خطرے سے باہر ہے۔
پیاری مریم کے شوہر احسن علی نے اہلیہ کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور بتایا تھا کہ اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ انتقال کرگئیں تھیں۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور انفلوئنسر غمزدہ ہوئے جنہوں نے پیاری مریم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلیے دعا کی۔
اس کے بعد اُن کے بچوں سے متعلق افواہیں پھیل رہی تھیں کہ اس دوران پیاری مریم کے شوہر احسن نے بتایا کہ اُن کے ہاں دو لڑکوں کی پیدائش ہوئی اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ مریم کی مغفرت کیلیے دعا کریں اور بچوں کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر کان نہ دھریں۔