ڈمپرز کی صوبائی حکومت کو مالی سپورٹ ہے اسلیے کارروائی نہیں ہو رہی، ایم کیو ایم رہنما
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
رکن قومی اسمبلی و ایم کیو ایم کے رہنما حسان صابر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ڈمپرز شہریوں کو کچل رہے ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جارہی اور اس کی وجہ ان کی حکومت کو مالی سپورٹ ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے شہر قائد کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔
ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسان صابر ایڈووکیٹ نے کہا کہ ایم کیو ایم کارکن فراز کے قتل کا مقدمہ الیکشن مہم کے دوران درج کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت سے انصاف نہیں ملا، ملزمان کو بری کر دیا گیا۔ ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں بریت کے خلاف دائر اپیل کی سماعت ہوئی اور عدالت عالیہ نے 27 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ ہائیکورٹ کے داخلی دروازے پر آیات لکھی ہیں، جس کے معنی عدل تقویٰ کے قریب ہی بنتے ہیں، فیصلے تو کیے جا رہے لیکن ان میں انصاف نظر نہیں آرہا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسانوں کے قتل کے مقدمات پر بھی مناسب توجہ نہیں دی جاتی، پیپلز پارٹی نے یہاں بھی طاقت کا مظاہرہ کیا اور انویسٹیگیشن پر اثر انداز ہوئی ہے۔ پولیس کہتی ہے کوئی شواہد موجود نہیں۔ فراز کو کسی نے تو قتل کیا ہے وہ کون ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ ہائیکورٹ اس کیس پر توجہ دے گی۔
آفاق احمد کی گرفتاری پر حسان صابر کا کہنا تھا کہ ڈمپر مافیا حکومتی سرپرستی میں طاقت ور اور شہریوں کے لیے آواز اٹھانے والا تحویل میں ہے۔ ڈمپرز شہریوں کو کچل رہے ہیں، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ ڈمپرز ڈرائیورز کا میڈیکل کریں تو زیادہ تر نشے کے عادی نکلیں گے۔ دن میں بھی ہر سڑک پر ڈمپرز، ہیوی ٹریفک دندناتے پھر رہی ہوتی ہے۔ سڑکوں کا حال دیکھیں اور اس پر ہیوی ٹریفک کا چلنا۔ حکومت سندھ کی ہٹ دھرمی ہے جو ہیوی ویکلز اپنے مقرر وقت کے علاوہ شہر میں دندناتے پھرتے ہیں۔ حکومت نے ٹریفک پولیس کو کمیشن پر لگا دیا ہے۔ چالان کرو اور کمیشن کماؤ، افسر ہو یا سپاہی کمیشن کے دھندے میں لگا ہوا ہے۔
اس سے قبل، ہائیکورٹ میں ایم کیو ایم کے کارکن فراز شیخ کے قتل کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ اپیل کندہ کے وکیل نے موقف دیا کہ ماتحت عدالت نے شواہد کو نظر انداز کرکے ملزمان کو بری کیا لہٰذا ملزمان کی بریت کو کالعدم قرار دیا جائے۔ ملزمان کے وکلا نے وکالت نامے جمع کروا دیے جبکہ عدالت نے اپیل کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے پیپلز پارٹی کے راؤ سعید، عبد الوحید سمیت 7 کارکنوں کو بری کر دیا تھا۔ فراز شیخ کو 29 جنوری 2024 کو قتل کیا گیا تھا۔ قتل کا مقدمہ ایم این اے احمد سعید صدیقی کی مدعیت گلبہار تھانے میں درج ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایم کیو ایم
پڑھیں:
کراچی، رینجرز اور ایس آئی یولیس کے ساتھ مقابلے میں 3 بھتہ خور ہلاک، ایک زخمی گرفتار
کراچی:ملیر 15 کے علاقے میں سندھ رینجرز اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مبینہ مقابلے میں تین ملزمان ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مبینہ بھتہ خوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد تین ملزمان مارے گئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔
فائرنگ ختم ہونے کے بعد ہلاک اور زخمی ملزمان کو ریسکیو کی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شاہ رخ، راحب اور علی حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت محمد وسیم کے نام سے کی گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک اور گرفتار ملزمان بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں اور ملزمان کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔