گلمرگ میں فیشن شو کا انعقاد کشمیریوں کیخلاف ثقافتی یلغار ہے، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
حریت رہنمائوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بھارتی قابض فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور فحش فیشن شوز کا انعقاد کشمیری عوام کو مزید ذہنی اور نفسیاتی دبائو میں لانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے رمضان المبارک کے دوران مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں بھارتی حکومت کی طرف سے فحش فیشن شو کے انعقاد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کے خلاف ایک ثقافتی یلغار قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران گلمرگ میں فحش فیشن شو کا انعقاد کر کے نہ صرف مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین بلکہ دین اسلام کی روح، کشمیری ثقافت اور اقدار کو بھی پامال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا عظیم مہینہ ہے اور اس میں اس طرح کی فحش سرگرمیوں کا انعقاد نہ صرف مذہبی اقدار کی پامالی ہے بلکہ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات و احساسات کی بھی توہین ہے۔
مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ کشمیری ثقافت، جو کہ اپنی روایتی اقدار اور اخلاقیات کے لیے مشہور ہے، اس طرح کے فیشن شوز جموں و کشمیر کی منفرد ثقافت کے منافی ہیں اور یہ معاشرے اور خصوصا نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلے ہی بھارتی قابض فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور فحش فیشن شوز کا انعقاد کشمیری عوام کو مزید ذہنی اور نفسیاتی دبائو میں لانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اور جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی اور ثقافتی منافرت کو ہوا دے رہا ہے۔
مشتاق احمد بٹ نے فیشن شو کے انعقاد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل انسانیت سوز مظالم، قتل و غارت، ریاست کی ڈیموگرافی کی تبدیلی، لوگوں سے ان کی جائیدادیں اور نوکریاں چھیننے پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی، مذہبی، انسانی اور سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کشمیری عوام فحش فیشن شو کا انعقاد نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں:
وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں مسلسل تاخیر، اگلے 4 روز تک بھی پیش نہ ہونیکا امکان
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد مسلسل تاخیر کا شکار ہے اور تحریک عدم اعتماد آج بھی پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔ذائع کا بتانا ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے، فارورڈ بلاک سے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے اراکین اسمبلی بھی پریشان ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فارورڈ بلاک کے چند اراکین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کو جلد بازی کا فیصلہ قرار دیا، پیپلز پارٹی کے اراکین قیادت سے پوچھ رہے ہیں کہ حلقے میں کیسے جائیں۔ذرائع کے مطابق پی پی اراکین اسمبلی اپنی قیادت سے پوچھ رہے ہیں کہ کارکنوں کو کیا جواب دیں، ووٹر سوال کریں گے کیا فیصلہ کیا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے کشمیر ہاؤس میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری ہی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے تاہم آئندہ 3 سے 4 روز تک تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر اتفاق کیا ہے تاہم مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ حکومت سازی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دے گی، اگر پیپلز پارٹی کے پاس مطلوبہ اراکین کی تعداد پوری ہے تو پیپلز پارٹی کا حق ہے وہ حکومت بنائے، ن لیگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔