لاہور: قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
قاسم والا جنگل میں لگی آگ پر بروقت قابو پالیا گیا جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔آگ پر قابو پانے میں محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائی نے کلیدی کردار ادا کیا، 100 سے زائد اہلکاروں اور افسران نے ریسکیو مشن میں حصہ لیا، بروقت کارروائی سے صرف چند ایکڑ جھاڑیاں اور 45 چھوٹے درخت متاثر ہوئے۔محکمہ جنگلات کے مطابق آگ عباسیہ کینال کے قریب بنجر علاقے سے شروع ہوئی جس کی اطلاع پر محکمہ جنگلات نے فوری ایکشن لیا، پھکووال بلاک نمبر 1 کی آگ پر رات 10 بجے مکمل قابو پا لیا گیا جبکہ بلاک نمبر 2 کی آگ رات بھر کی کوششوں کے بعد صبح 9 بجے بجھا دی گئی۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کی انتھک محنت کے نتیجے میں بروقت کارروائی ممکن ہوئی، آگ بجھانے میں حصہ لینے والے تمام اہلکاروں اور افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔محکمہ جنگلات کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جنگل میں آگ نامعلوم شخص کی لاپرواہی کے باعث لگی جس کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واقعے کی مکمل تحقیقات کیلئے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی اور 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جنگلات کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: محکمہ جنگلات
پڑھیں:
پنجاب بدستور بد ترین اسموگ کی لپیٹ میں، فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی۔
پنجاب بدستور بد ترین اسموگ کی لپیٹ میں جس کے باعث پنجاب کے وسطی علاقوں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق قصور میں سب سے زیادہ 686 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ رائے ونڈ میں 601، گوجرانوالہ میں 442، فیصل آباد میں 337 اور شیخوپورہ میں 358 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 450 ہے۔ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور تیسرے نمبر پر ہے۔ محکمہ ماحولیات نے کہا کہ برکی روڈ، شاہدرہ، ملتان روڈ، جی ٹی روڈ، ایجرٹن روڈ پر اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والی آلودہ مشرقی ہوائیں لاہور کے فضائی معیار پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ لاہور کا اوسط اے کیو آئی 320 تا 360 تک رہنے کا امکان ہے۔ فضا میں آلودگی کی شرح بلند مگر قابو میں ہے۔ دوپہر 1 بجے سے 5 بجے تک فضائی معیار میں بہتری کا امکان ہے۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال اور بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔