دبئی کے ولی عہد کا بھارت کا پہلا سرکاری دورہ، وزیراعظم نریندر مودی اور کابینہ ارکان سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم انڈیا کے پہلے سرکاری دورے پر منگل کو نئی دہلی پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی۔
شیخ حمدان وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات کے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں، نئی دہلی اور ممبئی کے دو روزہ دورے پر ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی کے ساتھ انڈیا کے اقتصادی تعلقات 2022 میں متحدہ عرب امارات اور انڈیا کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے کے بعد تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
اس معاہدے کے ذریعے تجارتی رکاوٹیں ختم اور ٹیرف میں کمی کی گئی ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہوئی ہے، اس سے دونوں ممالک کی کمپنیوں کے لیے ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی بھی آسان ہو گئی ہے۔
ولی عہد سے ملاقات کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ دبئی نے انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ خصوصی دورہ ہماری گہری دوستی کا اعادہ کرتا ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید مضبوط تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔‘
اماراتی میڈیا آفس کے اعداد و شمار کے مطابق ’دبئی اور انڈیا کے درمیان 2019 میں تجارتی حجم 36 ارب 70 کروڑ ڈالر تھا جو 2023 میں تقریباً 45 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
2024 میں انڈیا دبئی میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والا ملک تھا جس نے مختلف شعبوں میں تین ارب ڈالر سے زیادہ کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی تھی۔
ان شعبوں میں کاروباری خدمات، سوفٹ ویئر اور آئی ٹی خدمات، صارفین کی مصنوعات، خوراک، مشروبات اور ریئل اسٹیٹ وغیرہ شامل ہیں۔
گذشتہ سال تک 70 سے زیادہ انڈین کمپنیاں دبئی چیمبر آف کامرس میں شامل ہوئیں۔
شیخ حمدان نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’آج وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ملاقات کرکے خوشی ہوئی، ہماری بات چیت سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
شیخ حمدان، جو متحدہ عرب امارات کے وزیر دفاع بھی ہیں، نے دورے کے دوران اپنے انڈین ہم منصب راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ائیر انڈیا حادثہ: بھارت نے برطانیہ میں لواحقین کو غلط لاشیں بھجوا دیں
نئی دہلی: ائیر انڈیا کے احمد آباد حادثے کے بعد بھارت کی جانب سے جاں بحق مسافروں کی شناخت میں سنگین غلطی سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں برطانیہ میں متاثرہ خاندانوں کو ان کے پیاروں کی جگہ اجنبی افراد کی باقیات بھجوا دی گئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق حادثے میں مرنے والوں کی لاشوں کی شناخت درست طریقے سے نہیں کی گئی، اور جب تابوت برطانیہ پہنچے تو کئی خاندانوں نے دعویٰ کیا کہ ان میں موجود لاشیں ان کے عزیزوں کی نہیں تھیں۔
ایک متاثرہ شخص، متن پٹیل، نے بتایا کہ اسے والدہ کی لاش کے بجائے کسی اور شخص کی باقیات دی گئیں، حالانکہ حادثے میں اس کے والد اور والدہ دونوں جاں بحق ہو گئے تھے۔
اس افسوسناک غلطی پر بھارت اور برطانیہ میں اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ جانا جا سکے کہ لاشوں کی شناخت میں یہ فاش غلطی کیسے ہوئی۔
واضح رہے کہ 12 جون کو احمد آباد سے لندن جانے والا ائیر انڈیا کا طیارہ اڑان کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارے میں 242 افراد سوار تھے، جن میں سے 241 ہلاک ہو گئے، جن میں 53 برطانوی شہری شامل تھے۔ صرف ایک مسافر زندہ بچا تھا جو کہ 11-اے سیٹ پر بیٹھا تھا۔ طیارہ ایک میڈیکل کالج کی عمارت پر گرنے سے مزید 19 افراد بھی جاں بحق ہو گئے تھے۔