صوابی میں جائیداد کے تنازع پر چچا نے بھابھی اور دو بھتیجوں کو قتل کردیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, April 2025 GMT
پولیس زرائع کے مطابق مبینہ طور پر دونوں مقتولین بھائیوں کو ماں سمیت ان کے چچا نے قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے زروبی میں جائیداد کے تنازع پر ماں اور دو بیٹوں کو قتل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوابی کے علاقے زروبی میں ماں کو گھر کے اندر جبکہ اس کے دو بیٹوں کو کھیتوں میں تھریشر کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ ٹوپی کی رپورٹ کے مطابق اے ایس آئی ثاقب خان نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ تھانہ ٹوپی کو اطلاع ملی کہ موضع زروبی کے ونڈ لنڈے ڈب میں واقع کھیتوں میں دو افراد کی قتل شدہ لاشیں پڑی ہیں۔ جب وہ پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو وہاں دو لاشیں پڑی تھیں، جن کی شناخت محمود الحسن اور تیمور پسران سلطان غالب ساکنان زروبی کے ناموں سے ہوئی۔
جائے وقوعہ کے قریب مقتولین کے گھر میں ان کی والدہ کی لاش بھی پڑی تھی، تینوں ماں بیٹوں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، وجہ قتل اور ملزمان فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکے تاہم پولیس زرائع کے مطابق مبینہ طور پر دونوں مقتولین بھائیوں کو ماں سمیت ان کے چچا نے قتل کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
کراچی میں کروڑوں کی چوری کرنے والی ماسی پنجاب میں بھی جائیداد کی مالک نکلی
کراچی:جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے گھریلو ملازمہ کے خلاف 5 کروڑ روپے کی چوری کے مقدمے میں ضمانت کا فیصلہ محفوظ کرلیا، استغاثہ نے انکشاف کیا کہ ملزمہ کی پنجاب میں بھی پراپرٹی ہے جہاں اس کے رشتے دار رہتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو کلفٹن میں گھریلو ملازمہ ملزمہ شہناز اور اس کے بیٹے آصف کے خلاف 5 کروڑ روپے کی چوری کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ آج جمعہ تک کے لیے محفوظ کرلیا جبکہ ملزم فہد کی درخواست ضمانت ایک لاکھ روپے کے عوض منظور کرلی۔
استغاثہ کے مطابق عدالتی احکامات کے تحت مرکزی ملزمہ شہناز سے جیل میں تفتیش کی گئی، ملزمہ نے تقریباً پینتالیس لاکھ روپے نقدی کی معلومات فراہم کیں، ملزمہ نے 3 فلیٹ، ایک دکان، 4 گاڑیوں اور 4 موٹر سائیکلوں کی معلومات فراہم کیں، چوری کی رقم سے خریدی گئی 2 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں تاحال برآمد نہیں ہوسکیں، ملزمہ نے چوری کی رقم سے پنجاب میں بھی ایک پراپرٹی خریدی جہاں ملازم اور رشتے دار رہتے ہیں۔
استغاثہ کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے 5 لاکھ 75 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس سے 33 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد کیے جاچکے ہیں۔