فور اسٹار جرنیلوں کی تعداد میں 20 فیصد کمی، پینٹاگون کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ نے ایک یادداشت میں حکم دیا ہے کہ ملک کی مسلح افواج میں فور اسٹار جرنیلوں اور ایڈمرلز کی تعداد میں کم از کم 20 فیصد کمی کی جائے۔ یہ فیصلہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ صدارت کی تازہ ترین عسکری اصلاحات کا حصہ ہے، جس کے تحت رواں برس پہلے ہی کئی سینیئر افسران کو برطرف کیا جا چکا ہے۔
یادداشت میں نیشنل گارڈ میں بھی جنرل افسران کی تعداد میں 20 فیصد کمی اور مجموعی طور پر جنرل و فلیگ افسران کی تعداد میں 10 فیصد کمی کی ہدایت دی گئی ہے۔ فی الحال مارچ 2025 تک، امریکی افواج میں 38 فور اسٹار افسران اور مجموعی طور پر 817 جنرل و ایڈمرلز موجود ہیں۔
یادداشت کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد قیادت کے ڈھانچے کو بہتر، مربوط اور جدید بنانا ہے تاکہ غیر ضروری عہدوں کو ختم کرکے فوجی کارکردگی کو مؤثر بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ سے خوفزدہ امریکی، یورپ میں زندگی گزارنے کے خواہاں
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے ذریعے ہم دنیا کی سب سے مہلک جنگی قوت کی حیثیت کو برقرار رکھیں گے، اور ہر چیلنج کے لیے اپنی تیاری، اختراع اور مؤثریت کو مزید بہتر بنائیں گے۔
یاد رہے کہ جنوری میں دوسری مدت صدارت کے آغاز کے بعد صدر ٹرمپ نے کئی اعلیٰ فوجی افسران کو برطرف کیا، جن میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل چارلس سی کیو براؤن بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نیوی، کوسٹ گارڈ، نیشنل سیکیورٹی ایجنسی، ایئر فورس، نیٹو اور فوجی قانون کے محکمے سے منسلک افسران کو بھی ہٹایا جا چکا ہے۔
اگرچہ وزیر دفاع نے اس عمل کو صدر کا صوابدیدی اختیار قرار دیا ہے، لیکن ڈیموکریٹ اراکین کانگریس نے فوج کی غیر جانبداری کے ممکنہ سیاسی استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹھ صدر ٹرمپ فور اسٹار جرنیلوں.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: کی تعداد میں فور اسٹار وزیر دفاع فیصد کمی
پڑھیں:
پینٹاگون نے یوکرین کو ٹوماہاک میزائل فراہمی کی منظوری دے دی
واشنگٹن: (ویب نیوز) امریکی وزارتِ دفاع نے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹوماہاک کروز میزائلوں کی فراہمی کی منظوری دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کے اہلکاروں نے بتایا کہ وزارتِ دفاع کی جانب سے یوکرین کو امریکی ٹوماہاک کروز میزائلوں کی فراہمی کی منظوری دی گئی ہے، میزائلوں کی فراہمی سے امریکی ہتھیاروں کا ذخیرہ متاثر نہیں ہوگا، یوکرین کو امریکی ساختہ ٹوماہاک میزائل فراہم کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔
خیال رہے کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی کی جانب سے روسی توانائی اور انفراسٹرکچر اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے امریکی ٹوماہاک کروز میزائلوں کی فراہمی کی درخواست کی گئی تھی، ٹوماہاک کروز میزائل 1 ہزار میل (تقریباً 1600 کلومیٹر) کی حدِ ضرب رکھتا ہے اور اس کو آبدوز اور بحری جہاز سے آسانی سے داغا جاسکتا ہے۔امریکی دفاعی اہلکاروں نے مزید بتایا ہے کہ ابھی ان میزائلز کو حوالے کرنے سے متعلق کئی اہم امور زیرِ غور ہیں جن میں اس کی تعیناتی اور تربیت کے معاملات قابل ذکر ہیں۔