“ہماری نسلیں گولیوں کی تڑتڑاہٹ اور دھماکوں کی گونج میں بڑی ہوئی ہیں”
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اور کپتان محمد رضوان نے بھارتی جارحیت پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ “ہم نے اللہ تعالیٰ کے پاک کلام سے یہ سیکھا ہےکہ جنگ نہ کرو لیکن اگر تم پر جنگ مسلط کر دی جائے تو پھر پیچھے نہ ہٹو”۔
محمد رضوان نے کہا کہ “پاکستان ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے، ہماری نسلیں گولیوں کی تڑتڑاہٹ اور دھماکوں کی گونج سن کر بڑی ہوئی ہیں”۔
انکا کہنا تھا کہ “وطن کی مٹی میں شہیدوں کا لہو شامل ہے اور یہاں آج بھی ایسے نوجوان زندہ ہیں جو موت سے ویسے ہی محبت کرتے ہیں جیسے کچھ لوگ زندگی سےکرتے ہیں”۔
محمد رضوان نے کہا کہ “ایسی قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، ان پر مسلط کی گئی ہر جنگ انہیں مزید جوڑتی ہے، جگاتی ہے اور مضبوط بناتی ہے، یہ پیغام ان سب کے لیے ہے جو سمجھنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہم نے حوصلہ رکھنا ہے، یقین رکھنا ہے، نہ ظلم کرنا ہے نہ ظلم سہنا ہے”۔
خیال رہےکہ بھارتی جارحیت کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے میچز دبئی منتقل کردیے گئے ہیں جبکہ آئی پی ایل پر بھی خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: محمد رضوان نے
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔