آئی ایم ایف سے قرض منظوری اور بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہونے پر وزیراعظم کا خوشی کا اظہار
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کیلئے ایک ارب ڈالر کی قسط کی منظوری اور بھارت کے اس کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہونے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوصال سمیت حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا پے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معاشی صورتحال بہتر اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، بھارت یک طرفہ جارحیت سے ہماری ملکی ترقی سے توجہ ہٹانے کی مزموم سازش کر رہا ہے، بین الاقوامی اداروں نے بھارت کے جھوٹے پراپیگینڈے کو ذمہ دارانہ انداز سے مسترد کیا، آئی ایم ایف کے پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوئیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پروگرام سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور اسے طویل مدتی بحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی، حکومت ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے کی بہتر کارکردگی اور نجی شعبے کی ترقی جیسے اہم شعبوں کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، گزشتہ چودہ ماہ میں بہتر معاشی اعشاریے حکومت کی مثبت پالیسیوں کا مظہر ہیں، پاکستان کے معاشی استحکام کے لائحہ عمل، مؤثر کارکردگی اور اس حوالے سے پائیدار منصوبہ بندی کے لئے پُرعزم ہیں۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اٹلی کے وزیر داخلہ کا بھارتی جارحیت میں 26 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس،لواحقین سےتعزیت
اسلام آباد:وزیر داخلہ محسن نقوی سے اٹلی کے ہم منصب نے ملاقات کی اور بھارت کی بزدلانہ کارروائی و جارحیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی سے اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی نے ملاقات کی جس میں محسن نقوی نے اطالوی ہم منصب کو گزشتہ رات بھارت کی بزدلانہ کارروائی اور جارحیت کے محرکات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی لانے کے لئے بامقصد کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 26 شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے شہری آبادی کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائیں اور بچوں خواتین سمیت 26 شہریوں کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کئے۔ پہلے دن سے بھارت کے خطرناک عزائم سے دنیا کو آگاہ کر رہے تھے۔ خطے کی صورتحال کو خراب کرنے کا ذمہ دار بھارت ہے ۔
ملاقات میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تجارتی، سکیورٹی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی جبکہ اٹلی کے ساتھ سکیورٹی، انسداد منشیات و انسانی سمگلنگ اور دہشتگردی کے خلاف تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
اطالوی وزیر داخلہ نے انسداد دہشتگری، انسانی اسمگلنگ اور انسداد منشیات میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہمارا اولین ہدف ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بارڈر سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اطالوی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی، پاکستان اور اٹلی کے مابین منشیات کی روک تھام کے لیے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پچھلے سال 3000 سے زائد غیر قانونی انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور 500 سہولت کار پکڑے جا چکے ہیں، اٹلی اور پاکستان کے مابین انٹرنیشنل جرائم کے ضمن میں ڈیکلریشن اور مائیگریشن اور لیبر موبیلٹی پر ایم او یو سائن کرنے پر اتفاق ہوا۔
اٹلی کے وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام میں پاکستانی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔