اسحاق ڈار کا چین، اماراتی وزرائے خارجہ سے رابطہ، صورتحال سے آگاہ کردیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو فون کرکے بھارت کے ساتھ ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کردیا۔
دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید سے رابطہ کیا اور اس موقع پر اماراتی وزیرخارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا۔
نائب وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے بھی رابطہ کیا اور اسحاق ڈار نے بھارتی جارحیت اور پاکستان کے ردعمل پر وانگ ژی کو آگاہ کیا۔
چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے پاکستان کے تحمل اور ذمہ دارانہ رویے کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے کھڑا ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے اور آئندہ دنوں میں مسلسل ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اسحاق ڈار نے
پڑھیں:
پاکستان نے خفیہ، غیر قانونی ایٹمی سرگرمیوں کا بھارتی الزام مسترد کردیا
دفتر خارجہ نے پاکستان پر خفیہ اور غیر قانونی ایٹمی سرگرمیوں کے بھارتی الزامات بےبنیاد قرار دے دیے ہیں۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسخ کر کے پیش کیا۔ امریکی حکام پہلے ہی میڈیا کو صدر ٹرمپ کے بیان کی وضاحت کر چکے ہیں، پاکستان کا آخری ایٹمی تجربہ مئی 1998ء میں ہوا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایٹمی پالیسی واضح، مستقل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے جبکہ بھارت کا ایٹمی سلامتی اور سیکیورٹی کا ریکارڈ انتہائی تشویشناک ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے ایٹمی تجربات پر پابندی کی قراردادوں میں ہمیشہ غیر واضح مؤقف اختیار کیا، پاکستان پر خفیہ یا غیر قانونی ایٹمی سرگرمیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مؤثر کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کے تحت چل رہا ہے، پاکستان کا عالمی عدم پھیلاؤ کے قوانین پر مکمل عملدرآمد کا شاندار ریکارڈ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت میں ایٹمی مواد کی چوری اور غیر قانونی خرید و فروخت کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق گزشتہ برس بھارت کے بھابھا ایٹمی تحقیقاتی مرکز کا ریڈیائی مواد غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا، بین الاقوامی برادری بھارت میں ایٹمی مواد کی غیر قانونی تجارت کے خطرناک رجحان کا نوٹس لے۔