خیبر پختونخوا میں اساتذہ کی بھرتیوں میں بے ضابطگی کا اسکینڈل سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 11th, May 2025 GMT
وزیراعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے 10 مئی 2025 کو بنوں میں منعقدہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے اسکریننگ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگی اور پیپر لیک ہونے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ایٹا ٹیسٹ میں سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو معاملے کی اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے 10 مئی 2025 کو بنوں میں منعقدہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے اسکریننگ ٹیسٹ میں مبینہ بے ضابطگی اور پیپر لیک ہونے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک نجی گیسٹ ہاؤس سے چند افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے ٹیسٹ کا سوالنامہ، ببل شیٹس، لیپ ٹاپس اور اسکیننگ مشینیں برآمد ہوئیں جبکہ اس دوراں ایٹا ٹیسٹ کا عمل جاری تھا۔
یہ واقعہ امتحانی نظام کی شفافیت اور نگرانی کے طریقہ کار پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ نے بے ضابطگی کے اس مبینہ واقعے کو میرٹ اور شفافیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی مکمل اور بروقت انکوائری کروائی جائے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تحقیقات کے لیے کسی سینئر افسر یا افسران کے گروپ کو نامزد کیا جائے گا جو واقعے کی مکمل چھان بین کر کے ذمہ داران کی نشاندہی اور تادیبی اقدامات کی سفارش کرے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس وقت صوبے بھر میں ہزاروں اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے ایٹا کے ذریعے امتحانات منعقد ہو رہے ہیں لہٰذا امتحانی نظام میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی نہ صرف امیدواروں کے مستقبل کو متاثر کرتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کی انکوائری میں نہ صرف موقع کے فوری حقائق بلکہ ایٹا کے نظام میں موجود ممکنہ کمزوریوں کا بھی جائزہ لیا جائے اور واقعے میں ملوث یا غفلت کے مرتکب کسی بھی شخص یا ادارے کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی کی سفارش کی جائے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: خیبر پختونخوا بے ضابطگی
پڑھیں:
پختونخوا حکومت کا بھارتی جارحیت میں شہید و زخمی ہونیوالوں کے ورثا کیلیے امدادی پیکیج
پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے بھارتی جارحیت میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے ورثا کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں صوبے سے تعلق رکھنے والے شہدا کے ورثا اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ملک کے کسی بھی حصے میں اگر خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والا کوئی شہید یا زخمی ہوگا تو صوبائی حکومت ان شہدا کے ورثا اور زخمیوں کی بھر پور مالی معاونت کرے گی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ مالی معاونت صوبائی حکومت کے ریلیف پیکیج کے تحت کی جائے گی۔ صوبائی حکومت بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔