اسلام آباد (آئی این پی+نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے ’’معرکہ حق‘‘ میں مادر وطن کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے افواج پاکستان کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پر بلا اشتعال بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملکی سلامتی کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پوری قوم پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے، پاکستانی قوم اور مسلح افواج بھارتی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہیں، ہماری بہادر افواج نے قوم اور ملکی سالمیت کا کامیابی سے دفاع کیا۔ آپریشن بنیان مرصوص سے ہماری بہادر افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا، بھارتی جارحیت نے پوری پاکستانی قوم کو مزید متحد اور مضبوط کر دیا، پاکستانی قوم اور اسکی بہادر افواج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ملکی سلامتی و خودمختاری پر ہونے والے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ صدر مملکت نے بھارتی حملوں کے دوران بچوں اور خواتین سمیت قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔ دریں اثناء  وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہدا کو خراج عقیدت جبکہ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے بہادر افسروں و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم لوگوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدائے وطن کو  بھولے ہیں نہ بھولیں گے اور انکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے شہداء کے بلندری درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور کہا شہداء کے اہلخانہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست بھرپور انجام دیگی ۔  شہباز شریف نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت کو بھرپور جواب دیا اور دشمن پر واضح کر دیا کہ اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا، ہم پر امن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں اور آپریشن بنیان مرصوص اس کا واضح ثبوت ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے افراد اور ادارے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے.

ٹیکس چوری کرنے والے افراد و شعبوں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے.وزیرِ اعظم  شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کی ٹیکس کے دائرہ کار اور ٹیکس آمدن میں اضافے اور  پر جائزہ اجلاس  اسلام آباد میں  ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں سیمنٹ پلانٹس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل نفاذ سے ٹیکس آمدن میں اربوں روپے کا اضافہ ممکن ہوا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ چینی کی صنعت میں اس نظام کے نفاذ سے نومبر 2024 سے اپریل 2025ء تک ٹیکس آمدن میں 35 فیصد کا اضافہ ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ایف بی آر اصلاحات کی بدولت ٹیکس آمدنی کا جی ڈی پی کا 10 اعشاریہ 6 فیصد کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے افراد اور شعبے جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، ٹیکس چوروں کی معاونت کرنے والے افسروں و اہلکاروں کا بھی کڑا احتساب کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے ٹیکس نیٹ میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹیکس کی شرح کو کم کرکے عام آدمی پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں.سیمنٹ اور دیگر شعبوں میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ کو رواں برس جون تک مکمل کیا جائے۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ تمباکو کے شعبے میں ٹیکس آمدن کے حصول کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات تیز کئے جائیں.ٹیکس سے متعلق زیر التوا مقدمات کی مؤثر انداز سے پیروی کرکے ملک و قوم کے پیسے کا حصول یقینی بنایا جائے۔ اللہ کے فضل و کرم سے ملکی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے، ملکی ترقی کیلئے سب کو اپنی ذمہ داری کو نبھانا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے دانش سکولوں کے لیے مقامی اساتذہ کی تعیناتی اور ہر اسکول میں ڈیجیٹل لائبریری بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی ملک کے مستحق لائق طلبہ کواعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کے ترجیحی منصوبے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دانش سکولز اور یونیورسٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جہاں ملک بھر میں 15 نئے دانش سکولز کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے زیر تعمیر دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی پر کام تیز تر کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے دانش سکولوں اور یونیورسٹی کی اعلیٰ معیار کی تعمیر اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی اور کہا کہ دانش سکول اور یونیورسٹی ملک کے مستحق لائق طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کے ترجیحی منصوبے ہیں۔انہوں نے دانش سکولوں کے تمام کلاس رومز میں اسمارٹ بورڈ کی تنصیب اور ہر دانش سکول میں ڈیجیٹل لائبریری بنانے کی ہدایت کی اور تاکید کی کہ دانش سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی کا عمل میرٹ پر مبنی اور انتہائی شفاف ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ جس علاقے میں دانش سکول تعمیر ہو رہا ہے وہاں کے مقامی اساتذہ کو ترجیح دی جائے، اس موقع پر انہوں نے دانش اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو ملک کے مختلف علاقوں میں زیر تعمیر دانش اسکولوں اور دانش یونیورسٹی اسلام آباد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ دانش اسکول اسلام آباد کا 41 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اسے دسمبر 2025 میں مکمل کر لیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں دانش سکول سلطان آباد، گانچھے اور استور 30 جون 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا، بھمبر اور باغ کے دانش سکول بھی جون 2026 تک مکمل ہوں گے۔ شاردہ، سبی، موسیٰ خیل اور ڑوب کے دانش سکولوں کی فزیبلیٹی اور ڈیزائن مکمل ہو چکا ہے جبکہ حب، کراچی اور چترال کے دانش سکولوں کے لیے زمین کے حصول کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے۔دانش یونیورسٹی سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے دانش یونیورسٹی کے حوالے سے زمین مختص کی جا چکی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں دانش یونیورسٹی کی فزیبلیٹی اور ڈیزائن کی پری کوالیفیکیشن کے لیے ماہر کنسلٹنٹ کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں پاکستان کی کھل کر حمایت کرنے پر ترکیہ کے صدر سے اظہار تشکر اور یکجہتی کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیے کے ساتھ دیرینہ آزمودہ اور برادرانہ۔ اردگان کی جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کیلئے کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ترک صدر کا تعمیری کردار  اور مشترکہ کاوش امن کی راہ ہموار کر رہی ہیں۔

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: وزیراعظم شہباز شریف نے اعظم شہباز شریف نے دانش یونیورسٹی بتایا گیا کہ دانش سکولوں بنیان مرصوص کے حوالے سے اسلام ا باد ٹیکس ا مدن دانش سکول نے کہا کہ کی ہدایت انہوں نے اجلاس کو ہدایت کی کہ دانش کو خراج کر لیا

پڑھیں:

آ پریشن بنیان مرصوص : پاکستان نے ہندو ستان کو دھول چٹادی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) افواج پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی تکمیل کا اعلان کر دیا گیا جب کہ بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے 10 مئی تک کارروائیوں  کو ’معرکہ حق‘ کا نام دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان المرصوص کی تکمیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے 10 مئی 2025ء کو آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز بھارتی فوج کی بزدلانہ جارحیت کے ردعمل میں کیا گیا، جو 6 اور 7 مئی 2025 ء کو شروع ہوئی، جس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت ہوئی جس میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے حملوں کا بدلا لینے اور انصاف کی فراہمی کا عزم کیا تھا، الحمداللہ، پاکستانی فوج نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اللہ تعالیٰ کی نعمتوں، رحمت، مدد اور نصرت پر شکر گزار ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے مومنوں پر لازم کیا ہے جب ان پر ظلم ہو تو وہ اس کا جواب دیں، ہم شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں میدانِ جنگ میں کامیابی عطا فرمائی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم شہدا کے لواحقین اور خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے وطنِ عزیز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جب کہ زخمی ہم وطنوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر، سپاہی، ایئرمین، اور سیلر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے ذریعے میدانِ جنگ میں اس کامیابی کو ممکن بنایا۔ پاکستان کی مسلح افواج پوری پاکستانی قوم کی شکرگزار ہے جن کی ناقابلِ تسخیر اخلاقی قوت، عزم، اور بھرپور حمایت اور دعائیں اس کٹھن وقت میں ہمارے ساتھ رہیں۔ بیان میں پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہمارے میڈیا نے بھارت کے پروپیگنڈا اور جنگی جنون کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص یعنی آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہوئے۔ مزید کہا کہ ہم سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤقف بین الاقوامی فورمز پر واضح اور پْراعتماد انداز میں پیش کرنے پر پاکستان کے سفارتی عملے کی خدمات کو بھی سراہتے ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ہم اپنے سائنسدانوں اور انجینئرز کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے مقامی اور مخصوص نوعیت کی ٹیکنالوجیز تیار کیں، جو آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی شاندار کامیابی میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔  ہم تمام سیاسی جماعتوں کے قیادت کے بھی ممنون ہیں جنہوں نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر، وطن کے دفاع میں متحد ہوکر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا بہترین مظاہرہ کیا، خاص طور پر وزیراعظم پاکستان اور ان کی کابینہ کی قائدانہ بصیرت اور جرات مندانہ فیصلوں پر شکر گزار ہیں، جنہوں نے قوم کو اس نازک موڑ پر درست سمت میں رہنمائی فراہم کی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے رد عمل سے متعلق بیان میں کہا گیا کہ ہمارا جواب تینوں افواج کی مشترکہ کارروائیوں کا ایک نمونہ تھا، جس میں حقیقی وقت میں صورتِ حال سے آگاہی، نیٹ ورک سینٹرک وار فیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کا بے مثال امتزاج شامل تھا۔ بیان کے مطابق ’زمین، فضا، سمندر اور سائبر محاذ پر ہم آہنگی سے کارروائیاں کی گئیں اور اور پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے بھارت کے 26 اہم ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا، وہ تنصیبات جو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ میں استعمال ہوتی ہے، ان تنصیبات کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ بھارت کے اندر بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائیاں پاکستان آرمی کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ’فتح‘ سیریز ایف ون اور ایف ٹو میزائلوں، پاک فضائیہ کے درست نشانہ لگانے والے ہتھیاروں، انتہائی مؤثر ’لوئٹرنگ کِلر میزائلوں، اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی آرٹلری کے ذریعے کی گئیں۔ نشانہ بنائے گئے اہداف میں بھارتی فضائیہ اور ایوی ایشن کے اڈے شامل تھے جن میں سورت گڑھ، سرسا، بھْج، نلیا، آدم پور، بھٹنڈہ، برنالہ، حلوارہ، اونتی پورہ، سری نگر، جموں، ادھم پور، مموں، امبالہ، اور پٹھان کوٹ شامل ہیں اور ان تمام اہداف پر دشمن کو شدید نقصان ہوا۔ بیاس اور ناگرْوٹا میں واقع ’براہموس‘ میزائل کے ذخائر بھی تباہ کیے گئے، جو پاکستانی شہریوں پر حملوں میں استعمال ہوئے تھے جب کہ آدم پور اور بھْج میں نصب ایس 400 دفاعی نظام کو بھی پاک فضائیہ نے کامیابی سے نشانہ بنایا اور غیر مؤثر کر دیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ اڑی میں فیلڈ سپلائی ڈپو اور پونجھ میں راڈار سسٹم جیسے لاجسٹک اور سپورٹ مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں سے معصوم پاکستانی شہریوں کے خلاف غیر قانونی بھارتی کارروائی کو سپورٹ فراہم کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں، کے جی ٹاپ، نوشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی مکمل طور پر تباہ کیا گیا، یہ وہ تنصیاب ہیں جہاں سے بلااشتعال فائرنگ کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مزید کہا کہ ایسے مراکز جہاں بھارت نے اپنے پراکسی عناصر کو پناہ دی، تربیت دی اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کیا، جنہوں نے پاکستان کے اندر دہشت گرد حملے کیے اور معصوم شہریوں کو شہید کیا، ان تمام مقامات کی نشاندہی کر کے انہیں بھی تباہ کیا گیا جن میں راجوری اور نوشہرہ میں موجود بھارتی انٹیلی جنس یونٹس اور ان کے فیلڈ عناصر شامل ہیں۔ مزید براں، لائن آف کنٹرول کے باہر وہ تمام آرٹلری، لاجیسٹک اور پوسٹیں جو آزاد کشمیر میں شہریوں پر فائرنگ کرتی تھی ان پر شدید اور مسلسل جوابی کارروائی کی گئی، یہاں تک کہ انہوں نے سفید جھنڈے لہرادئیے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاکہ عوام میں خوف پھیلایا جاسکے اور ان کو ڈرایا جاسکے، تاہم آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کی مسلح ڈرون بھارت کے دارالحکومت نئی دلی سمیت بڑے شہروں اور مقبوضہ کشمیر سے لے کر گجرات تک مسلسل پرواز کرتے رہے تاکہ پاکستان کی صلاحیت کا نہ صرف اظہار کیا جاسکے بلکہ یہ بتایا جاسکے کہ اس محاذ پر بھارتی حکمت عملی ناکام ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے موثر اور جامع سائبر آپریشنز بھی کیے جن کے ذریعے بھارتی افواج کی آپریشنل معاونت فراہم کرنے والے اہم انفراسٹرکچر اور سروسز کو عارضی طور پر مفلوج اور متاثر کیا گیا۔ پاکستان کی مسلح افواج کے پاس جدید اور مخصوص نوعیت کی جدید جنگی صلاحیتیں موجود ہیں، جن میں کچھ کا استعمال محدود سطح پر انتہائی احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ کیا گیا‘۔ بیان کے مطابق ان تمام اقدامات کے باوجود، بھارتی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں پاکستان کا فوجی ردعمل نہایت درست، متناسب رہا، اس ردعمل کو نہایت احتیاط سے ترتیب دیا گیا تاکہ کسی شہری کو نقصان نہ پہنچے اور صرف اْن عناصر اور تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے جو پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل اور پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں براہِ راست ملوث تھے۔ اس دوران جب مشرقی محاذ پر افواج مصروف تھیں، پاکستان کو خیبرپی کے  اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں غیر معمولی اضافہ برداشت کرنا پڑا، جو اس بات کا مزید ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی سازشوں میں براہِ راست ملوث ہے، اور اس نے ہمارے آپریشن سے توجہ ہٹانے کے لیے اپنے پراکسی عناصر کو مکمل طور پر متحرک کر دیا تھا۔ تاہم، پاکستان کی باہمت مسلح افواج نے مغربی محاذ پر دہشت گردی کے خلاف انتہائی مؤثر کارروائیاں بغیر کسی وقفے کے آپریشن بنیان مرصوص کے ساتھ ساتھ انجام دیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’معرکہ حق‘ قومی طاقت کے تمام عناصر کے باہم مربوط عمل کی شاندار مثال رہی، جس میں پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت نے ہماری خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے، جس میں جنگ بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر گفتگو کا پہلا راؤنڈ ہوا۔ یاد رہے کہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ (آہنی دیوار) شروع کر دیا تھا اور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس سٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

متعلقہ مضامین

  • وزیراعظم شہبازشریف کاآپریشن بنیان مرصوص کی فرنٹ لائنز کا دورہ
  • ہم پرامن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں: وزیراعظم
  • ہم پُرامن قوم ہیں مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں، شہباز شریف
  • آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت کو بھرپور جواب دیا: وزیرِ اعظم
  • آ پریشن بنیان مرصوص : پاکستان نے ہندو ستان کو دھول چٹادی
  • آپریشن بنیان مرصوص کی تکمیل، "معرکہ حق" قرار دے دیا گیا
  • ملکی سالمیت کا دفاع کیسے کرنا ہے یہ ہم بخوبی جانتے ہیں: آرمی چیف
  • آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی، افواج پاکستان نے جو کہا کر دکھایا
  • افواج پاکستان نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر