کراچی: زیر تعمیر عمارت سے گر کر مزدور جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT
کلفٹن بلاک 2 ضیا الدین اسپتال کے قریب زیر تعمیر عمارت سے گرکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن بلاک 2 ضیاءالدین اسپتال کے قریب واقع ایک زیر تعمیر بلڈنگ کی پندرہویں منزل سے گر کر ایک مزدور جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ بدھ کی شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب پیش آیا۔
اطلاع ملنے پرپولیس اور فلاحی ادارے کے رضا کارموقع پرپہنچے اور لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او ریاض نیازی کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ علی اصغر ولد جلال خان کے نام سے ہوئی، جو بلڈنگ کی بالائی منزل سے ریمپ اتاررہا تھاکہ وہ اپنا توازن برقرارنہیں رکھ سکا اور پندرویں منزل سے گرکر موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
ایس ایچ او کے مطابق متوفی کا آبائی تعلق کشمور سے تھا،جبکہ متوفی نوجوان کے رشتے داروں سے پولیس نے رابط کیا اور ضروری کارروائی کے بعد لاش رشتے داروں کے حوالے کردی گئی ہے۔
متوفی کے رشتے داروں کا کہنا تھاکہ تدفین سے فارغ ہوکر واقعے کا مقدمہ درج کرائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی کا سرکاری اسکول ریسٹورنٹ مالک کو دینے کی تیاری
کراچی: شہر قائد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں قائم سرکاری اسکول کو ایک بار پھر نہاری ہائوس کے مالک کو دینے کی تیاری کرلی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اسکول کی عمارت کو خستہ حال قرار دے کر اہل علاقہ کے نام سے ایس پی گلبرگ کو درخواست دے دی گئی ہے۔جس پر 25 جولائی کو محکمہ تعلیم سندھ نے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری سے جاوید میاں کی اسکول خالی کرنے کی درخواست پر کمنٹس مانگے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے سیکشن آفیسر نے 21 اگست کو ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری کو خط لکھ کر متعلقہ حکام سے رائے طلب کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی کو درخواست موصول ہونے کے بعد پولیس کی نفری اسکول پہنچ چکی ہے اور اس کی عمارت کو جاوید میاں کی ملکیت ظاہر کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کچھ علاقہ مکینوں کے تحفظات کے بعد عدالتی تفصیلات بھی منگوائی گئی ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹر اسکولز بشیر عباسی نے اسکول خالی کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عمارت خالی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، محکمہ کی جانب سے ایسے خطوط معمول کی بات ہیں۔