کم عمری کی شادی کا بل منظور کرکے قوم کو تقسیم کا پیغام دیا، سینیٹر عطا الرحمان
اشاعت کی تاریخ: 22nd, May 2025 GMT
سینیٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹر عطا الرحمان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خطے کے حالات کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھنا چاہیے۔ ہم نے کم عمری کی شادی کا بل منظور کر کے قوم کو تقسیم کا پیغام دیا۔
سینیٹر عطا الرحمان نے مزید کہا اللہ نے ہمارے پردے رکھے ہیں، ہم اپنے گریبان میں جھانکیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے انکم ٹیکس ترمیمی بل پیش کر دیا۔ جسے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ سینیٹرز سے بل پر تجاویز مانگ لی گئیں۔
سینیٹ نے نیشنلائزیشن ایکٹ ترمیمی بل بھی منظور کر لیا۔ یہ بل قومی اسمبلی سے منظور ہوچکا ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی کی ممانعت، فضل الرحمان کا بل اسلامی نظریاتی کونسل بھیجنے کا مطالبہ
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی کی ممانعت کا بل اسلامی نظریاتی کونسل بھیجنے کا مطالبہ کردیا۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیا اس بل کو لانے کا یہی موقع تھا؟ یکجہتی کا تقاضا ہے کہ اس قسم کی حرکتیں نہ کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی بل کے خلاف رولنگ دیں، بہتر ہوگا کہ قانون سازی روکیں، ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم احتجاج پر نکل آئیں۔
جے یو آئی نے 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل کی مخالفت کی اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔