چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اجلاس میں بتایا کہ گزشتہ 5 ماہ میں 45 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن پر کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی اے نے اب تک 62 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز اور لنکس کو بلاک کیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اجلاس میں ملک میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد، پی ٹی اے کی کارروائیاں، مصنوعی ذہانت اے آئی کے منصوبے، اور کرپٹو کونسل کے قانونی و آئینی پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر روبینہ خالد نے کی۔

کمیٹی کی چیئرپرسن نے دوران جنگ سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پراپیگنڈے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ پی ٹی اے نے اس سلسلے میں کیا اقدامات کیے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ ادارے کو روزانہ 300 کے قریب مواد کی بندش کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں، جن میں زیادہ تر یوٹیوب، فیس بک اور ٹک ٹاک کے خلاف ہوتی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق، گزشتہ 5 ماہ میں 45 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن پر کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی اے نے اب تک 62 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز اور لنکس کو بلاک کیا ہے۔

مزید پڑھیں: سوشل میڈیا کی کمائی پر ٹیکس کی خبریں، یوٹیوبرز اور فری لانسرز کیا کہتے ہیں؟

پی ٹی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں پیکا ایکٹ 2016 کے تحت کی گئیں، اور یہ تمام مواد نفرت انگیز، مذہبی منافرت یا ریاست مخالف نوعیت کا تھا۔ مواد کی نشاندہی حکومت کے مجاز اداروں، قانون نافذ کرنے والے محکموں، مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعے کی گئی۔ چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ انفرادی شکایات پر بھی 24 گھنٹے کے اندر ردعمل دیا جاتا ہے، تاہم یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز سیاسی نوعیت کے مواد کو ہٹانے سے انکار کر دیتے ہیں۔

اجلاس میں وزارت آئی ٹی کے حکام نے مصنوعی ذہانت اے آئی منصوبے سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ سیکریٹری آئی ٹی نے واضح کیا کہ اے آئی وزارت کا سرکاری منصوبہ نہیں بلکہ ایک نجی کمپنی کا پروجیکٹ ہے، جسے غلط طور پر وزارت سے منسوب کیا گیا۔

کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ آیا وفاقی وزیر نے اپنے دعوے کی کوئی تردید کی، جس پر حکام نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں وفاقی وزیر خود آ کر وضاحت پیش کریں، بصورت دیگر وزیر اعظم کو خط لکھا جائے گا۔

اجلاس میں کرپٹو کرنسی کی ریگولیشن پر بھی بحث ہوئی۔ سینیٹر افنان اللہ، کامران مرتضیٰ اور ہمایوں مہمند نے نیشنل کرپٹو کونسل کے قانونی دائرہ اختیار پر سوالات اٹھائے۔ سینیٹر افنان اللہ نے شکوہ کیا کہ حکومت نے ان کا تیار کردہ کرپٹو بل ختم کرکے ازخود کونسل تشکیل دی، جس کی صدارت وزیر خزانہ کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: فیکٹ چیک: کیا واقعی کچھ پاکستانی یوٹیوبرز کے اکاؤنٹ بلاک ہونے جا رہے ہیں؟

سینیٹرز نے پوچھا کہ کیا یہ کونسل وزیراعظم کے محض ایگزیکٹو آرڈر سے قائم ہو سکتی ہے؟ سیکریٹری آئی ٹی کا کہنا تھا کہ کونسل مشاورتی نوعیت کی ہے اور وزارت اس میں محض کردار ادا کر رہی ہے۔

دریں اثنا، ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 اور نیشنل ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری آئی ٹی نے بتایا کہ آئندہ اگست تک ماسٹر پلان مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ایک ریگولیٹری ادارے کے طور پر کام کرے گی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے استفسار کیا کہ آیا نیشنل ڈیجیٹل کمیشن میں صوبائی وزرائے اعلیٰ کی شمولیت صوبوں کے اختیارات میں مداخلت تو نہیں ہوگی؟ جس پر سیکریٹری نے وضاحت دی کہ تمام صوبے اس کمیشن میں شامل ہوں گے اور یہ باہمی اتفاق رائے سے چلایا جائے گا۔

کمیٹی اجلاس میں اظہار رائے کی آزادی اور ریاستی سلامتی کے درمیان توازن برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 میں اس حوالے سے مزید شقیں شامل کی گئی ہیں، تاکہ آن لائن ہراسانی، جھوٹی معلومات اور کردار کشی جیسے عوامل پر قانونی کارروائی ممکن ہو سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

پی ٹی اے حکام چیئرمین پی ٹی اے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 سینیٹر روبینہ خالد سینیٹر کامران مرتضیٰ.

ذریعہ: WE News

کلیدی لفظ: پی ٹی اے حکام چیئرمین پی ٹی اے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2025 سینیٹر روبینہ خالد سینیٹر کامران مرتضی چیئرمین پی ٹی اے پی ٹی اے نے اجلاس میں کیا کہ آئی ٹی

پڑھیں:

پاکستان اور ایل سلواڈور میں کرپٹو تعاون پر مبنی تعلقات کا آغاز

پاکستان اور ایل سلواڈور نے پہلی بار کرپٹو کرنسی کے شعبے میں تعاون کی بنیاد پر دوطرفہ تعلقات قائم کر لیے ہیں۔

پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے کرپٹو و بلاک چین بلال بن ثاقب نے جنوبی امریکی ملک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر نایب بوکیلے سے ملاقات کی۔

اس اہم ملاقات میں کرپٹو اور بلاک چین کے شعبوں میں معلومات کے تبادلے پر مبنی شراکت داری پر گفتگو ہوئی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان جو حال ہی میں ڈیجیٹل اثاثوں کی دنیا میں قدم رکھ رہا ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے تحت کرپٹو مارکیٹس میں شمولیت کے راستے تلاش کر رہا ہے ۔

واضح رہے کہ ایل سلواڈور 2021 میں بٹ کوائن کو قانونی کرنسی کے طور پر اپنانے والا پہلا ملک بنا تھا، جس نے اب تک 6,238 بٹ کوائن خرید رکھے ہیں جن کی موجودہ مالیت تقریباً 745 ملین ڈالر ہے۔

پاکستان میں بھی کرپٹو تجارت کو عوامی مقبولیت حاصل ہے۔ بلال بن ثاقب کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے انتباہ جاری کیے جانے کے باوجود پاکستان میں 1.5 سے 2 کروڑ افراد کرپٹو رکھتے ہیں۔

رواں سال مئی میں حکومت پاکستان نے ڈیجیٹل اثاثوں کو باقاعدہ ضابطے میں لانے کے لیے پاکستان ڈیجیٹل ایسٹس اتھارٹی قائم کی۔ اس سے قبل پاکستان کرپٹو کونسل اور ٹرمپ فیملی کی ورلڈ لیبرٹی فنانشل کے درمیان بلاک چین اپنانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔

متعلقہ مضامین

  • شوگر ملز کی جانب سے 15 ارب روپے سے زائد قرضے واپس نہ کیے جانے کا انکشاف
  • لاہور میں6ماہ کے دوران 6 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھیننے کی وارداتیں
  • سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی سفیر نے بھارت کو آئینہ دکھادیا
  • پاکستان اور ایل سلواڈور میں کرپٹو تعاون پر مبنی تعلقات کا آغاز
  • پشاور ہائیکورٹ میں 2016 تا 2025 سولہ ہزار سے زائد کیس زیر التوا
  • ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی ڈھاکا پہنچ گئے، بھارت نے میٹنگ سے پھر کنارہ کرلیا
  • پی آئی اے کے خریدار کو 5 برس میں 60 سے 70 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ضروت
  • چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس،مجموعی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ
  • چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج بنگلہ دیش روانہ ہوں گے
  • لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی بند