اسپیکر پنجاب اسمبلی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔
بدھ کے روز اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے اسپیکر ہاؤس میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں آسٹریلوی سفارتخانے سے ہیڈ آف ڈومیسٹک پولیٹیکل پاکستان جارج نونن میکر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر صحت، تعلیم، زراعت، ثقافت، آئی ٹی، سیاحت اور پارلیمانی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر زور
دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تعاون بڑھانے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان، آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں آسٹریلوی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت پنجاب سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’پوشیدہ خزانہ‘، آسٹریلوی ہائی کمشنر لاہور کی مسجد کے معترف کیوں؟
انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں آسٹریلیا کے تعاون کا خیرمقدم کیا اور ان شعبوں میں اشتراکِ عمل کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کے عمل، رولز آف پروسیجر میں حالیہ ترامیم اور اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے مؤثر کردار سے بھی آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کمیٹیوں کو فعال اور شفاف بنایا گیا ہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا، پاکستان کو ایک بااعتماد دوست اور اہم شراکت دار سمجھتا ہے، آسٹریلوی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں اور حکومت پنجاب کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال
ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے سیکریٹری جنرل چودھری عامر حبیب اور پرنسپل سیکریٹری عماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
we news آسٹریلوی ہائی کمشنر اسپیکر پنجاب اسمبلی جارج نونن میکر سفارتخانہ ملاقات ملک احمد خان نیل ہاکنز.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: آسٹریلوی ہائی کمشنر اسپیکر پنجاب اسمبلی جارج نونن میکر سفارتخانہ ملاقات ملک احمد خان نیل ہاکنز اسپیکر پنجاب اسمبلی آسٹریلوی ہائی کمشنر تعاون بڑھانے
پڑھیں:
اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ سے ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسی زادہ کی ملاقات
ملاقات کے دوران قونصل جنرل اکبر عیسی زادہ نے بتایا کہ مجلس شوری اسلامی (ایران) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف جلد پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے جس دوران وہ صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، چیف آف آرمی اسٹاف اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ ایرانی اسپیکر کراچی بھی آئیں گے اور اسپیکر سید اویس قادر شاہ سے ملاقات کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی سندھ سید اویس قادر شاہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسی زادہ نے ملاقات کی۔ قونصل جنرل کے ہمراہ مجلس شوری اسلامی (ایران) کے ڈائریکٹر جنرل خوسروی بھی موجود تھے۔ اسپیکر سید اویس قادر شاہ کے ہمراہ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید بھی ملاقات میں شریک تھیں، اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اکبر عیسی زادہ نے سابق اسپیکر آغا سراج درانی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، ایران اور پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے چیئرمین فدا حوسین مالکی کا پیغامِ یکجہتی بھی پہنچایا۔ ملاقات کے دوران قونصل جنرل اکبر عیسی زادہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان موجود تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات کو اجاگر کیا اور باہمی تجارت و تعاون کے فروغ کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس شوری اسلامی (ایران) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف جلد پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے جس دوران وہ صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم، چیف آف آرمی اسٹاف اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ ایرانی اسپیکر کراچی بھی آئیں گے اور اسپیکر سید اویس قادر شاہ سے ملاقات کریں گے۔
قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ ایران کے اسپیکر ایک مشترکہ اقتصادی فورم قائم کرنے کے خواہاں ہیں اور تجویز دی ہے کہ اسپیکر سید اویس قادر شاہ اس فورم کے سندھ چیپٹر کی قیادت کریں، جس میں معروف کاروباری نمائندے شامل ہوں گے۔ اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے تجویز کو سراہا اور بتایا کہ وہ ایرانی اسپیکر کے متوقع دورے پر پہلے ہی اسپیکر قومی اسمبلی سے بات چیت کر چکے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایرانی اسپیکر اور وفد کی میزبانی سندھ اسمبلی میں کی جائے، جہاں اراکینِ اسمبلی اور صوبائی وزرا معزز مہمانوں کا خیرمقدم کریں اور انہیں اسمبلی کے دونوں ایوانوں کا دورہ کرایا جائے۔ قونصل جنرل اکبر عیسی زادہ نے اسپیکر سید اویس قادر شاہ کا شکریہ ادا کیا اور ملاقات کو مفید قرار دیا۔ اس موقع پر اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے مہمان وفد کو سندھ اسمبلی کی یادگاری شیلڈ پیش کی اور سندھ کی روایت کے مطابق اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا اور قونصل جنرل اکبر عیسی زادہ نے بھی اسپیکر سید اویس قادر شاہ کو یادگاری سووینیر پیش کیا۔