مستونگ، ٹریک پر دھماکہ، 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں: خانپور پھاٹک پر عوام ایکسپریس ڈی ریل
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
کوئٹہ+ مستونگ+ رحیم یار خان (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکہ جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے دوران ہوا، جو کوئٹہ سے راولپنڈی جا رہی تھی۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ ٹریک کی بحالی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس اور بولان میل سروس تین روز کیلئے معطل کر دی گئیں۔ ریلوے ترجمان کے مطابق جعفر ایکسپریس کی سروس 13, 11 اور 14 اگست کو معطل رہے گی۔ 11 اگست کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس نہیں چلے گی۔ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کی سروس 13 اگست کو معطل رہے گی ۔ 14 اگست کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس بھی نہیں چلے گی۔ کراچی سے کوئٹہ آنے والی بولان میل کی سروس بھی معطل کی گئی ہے۔ کوئٹہ کے لیے چلنے والی بولان میل 16 اگست کو چلائی جائے گی۔ دریں اثناء رحیم یار خان میں خان پور سٹی پھاٹک پر عوام ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی۔ روہڑی اور سمہ سٹہ سے امدادی ٹرین موقع پر پہنچ گئی۔ ٹریک کوہنگامی طور پر امدادی سرگرمیوں اور مرمت کے بعد بحال کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: جانے والی جعفر ایکسپریس ایکسپریس کی اگست کو
پڑھیں:
ٹریک پر دھماکا، پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس حادثے کا شکار
کوئٹہ:ٹریک پر دھماکے کے باعث پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس حادثے کا شکار ہو کر پٹڑی سے اتر گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جعفر ایکسپریس کو حادثہ کوئٹہ سے چند کلو میٹر دور ڈیگاری کراس سپیذنٹ ریلوے اسٹیشن اور سریاب ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا جہاں 30سے 45منٹ پہلے دھماکا ہوا تھا۔
ریلوے ذرائع نے بتایا کہ انجن سمیت 5کوچز ڈی ریل ہوئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اب تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔
فرنٹیئر کور ( ایف سی ) نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، مسافروں کو ریسکیو کیا جارہا ہے اور امدادی ٹیمیں کوئٹہ سے جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جعفر ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور حادثے کی رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کرلی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی جو مسافروں کو لے کر کوئٹہ جائے گی۔