دبئی میں پاکستان میڈیکل سینٹر کی توسیع کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 11th, August 2025 GMT
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست 2025ء ) دبئی میں پاکستان میڈیکل سینٹر کی توسیع کا اعلان کردیا گیا جس کے ساتھ مزید ہزاروں پاکستانیوں سمیت دیگر رہائشیوں کو بھی مفت علاج کی سہولت مل جائے گی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مزید باشندے جلد ہی مفت اور رعایتی علاج حاصل کر سکیں گے کیوں کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (PAD) اور پاکستان میڈیکل سینٹر (PMC) پر 45 ملین درہم کا توسیعی کام مستقبل قریب میں شروع ہو جائے گا، اس توسیع سے پی ایم سی کی صلاحیت میں تین گنا اضافہ ہو جائے گا، جس سے تقریباً مزید 15 ہزار سے زائد لوگوں کو رعایتی اور مفت طبی خدمات پیش کی جائیں گی۔
پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام کا کہنا ہے کہ "پی اے ڈی اور پی ایم سی کی توسیع کے فیز 2 پر 45 ملین درہم لاگت آئے گی، یہ پی اے ڈی کی تاریخ کی سب سے بڑی توسیع میں سے ایک ہے، پی ایم سی کی جگہ اور خدمات کو تین گنا بڑھانا، انڈور سپورٹس اور بیسمنٹ پارکنگ کے ساتھ۔(جاری ہے)
یہ دو سالہ منصوبہ ہے اور جلد ہی اس پر کام شروع ہو جائے گا، توسیع کے ساتھ ہی یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا سب سے بڑا کمیونٹی سینٹر بن جائے گا"۔
انہوں نے کہا کہ "اکتوبر 2020ء میں افتتاح کے بعد سے اب تک ہم نے 100 سے زائد قومیتوں کے 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد لوگوں کی خدمت کی ہے، اوسطاً یہاں ہر ماہ 4 ہزار 500 سے لے کر 5 ہزار سے زائد لوگ یہان علاج کے لیے آتے ہیں، ہم اس سہولت میں 89 ہزار مربع فٹ جگہ کے ساتھ ایک نئے بلاک کا اضافہ کر رہے ہیں، نئے بلاک میں جدید تشخیص اور ریڈیولاجی، ایک ڈائیلاسز یونٹ، بہتر فزیو تھراپی اور موجودہ خصوصی خدمات کی توسیع شامل ہوگی"۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے علاوہ سری لنکا، بنگلہ دیش، بھارت، فلپائن، افریقی ممالک کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے شہریوں سمیت یو اے ای کے بہت سے غیر ملکی شہری پی ایم سی میں مفت یا رعایتی نرخوں پر علاج کرواتے ہیں، 2017ء میں متحدہ عرب امارات کے رواداری اور بقائے باہمی کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، عمارت کی تعمیر 2018ء میں شروع ہونے کے ساتھ ہی طبی مرکز کو بالآخر مکمل کیا گیا اور اکتوبر 2020ء میں اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پی ایم سی کے اقدام کی تعریف کی اور اسے متحدہ عرب امارات میں لوگوں کے لیے دستیاب سب سے سستا طبی مرکز قرار دیا، انہوں نے کہا کہ "یہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی اور ڈاکٹر فیصل اکرام کی طرف سے شاندار اور دل موہ لینے والا کام ہے، مفت علاج کروانے والے لوگوں کے علاوہ جو لوگ مہنگے علاج کی استطاعت نہیں رکھتے وہ بھی یہاں معمولی رقم ادا کرکے علاج کرواتے ہیں جہاں لوگ صرف 100 درہم میں تقریباً پورا چیک اپ کروا سکتے ہیں، چاہے وہ کسی بھی ملک یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں کیوں کہ انسانیت سب سے بڑی اور اہم چیز ہے"۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے متحدہ عرب امارات پی ایم سی کی توسیع جائے گا کے ساتھ
پڑھیں:
راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلباء کے ساتھ خصوصی نشست
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2025ء ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں طالب علموں کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق اس نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلباء کے ساتھ کھل کر گفتگو کی اور اس موقع پر ایک سوال و جواب کا خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نشست کے دوران طلباء نے اس سیشن کی بھرپور پذیرائی کی اور اس موقع پر قومی جذبے کا بھی اظہار کیا، نشست میں طلباء نے اپنی یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع وقت کی اہم ضرورت ہیں جن کے ذریعے نوجوان نسل کو ملکی دفاع اور افواج پاکستان سے جوڑا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر طلباء نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ وطن دشمن عناصر چاہے جتنی بھی کوشش کرلیں مگر نوجوان نسل کو اپنی افواج سے دور نہیں کرسکتے، افواج ہم سے ہیں اور ہم افواج سے ہیں، پاکستان کے خلاف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کے خلاف ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔(جاری ہے)
چند روز قبل ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں معرکہ حق (آپریشن بنیان مرصوص) کی زبردست فتح کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، انہوں نے خصوصی طور پر معرکہ حق کے دوران نوجوانوں کے جذبے، سوچ اور حب الوطنی کو سراہا جب کہ طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے معاشرتی و قومی امور بالخصوص سکیورٹی کے تناظر میں کھل کر سوالات کیے۔ مسلح افواج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ نشست کے اختتام پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء نے خصوصی طور پر ملی نغمے کے ذریعے پاک فوج کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور قومی اتحاد کی بہترین ترجمانی کی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست کو خوش آئند قرار دیا اور مستقبل میں بھی ایسی نشست کے اہتمام کی دلی خواہش کا اظہار کیا۔