کراچی: یو سی 1 اورنگی نتائج کے اعلان کے بعد ، تحریک لبیک کا ڈی سی آفس پر احتجاج
اشاعت کی تاریخ: 24th, September 2025 GMT
فائل فوٹو
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی یوسی ون چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخاب کے نتائج کے اعلان کے بعد ٹی ایل پی کارکنان نے ڈی سی کے دفتر کے باہر احتجاج شروع کردیا۔
تحریک لبیک کے کارکنان نے نعرےبازی کرتے ہوئے پولیس سے تکرار بھی کی، ڈی سی ویسٹ کے دفتر پر پولیس اہلکار بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
سندھ کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جبکہ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج بھی آنا شروع ہو گئے۔
کراچی میں ضلع غربی یوسی ون میں غیر حمتی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کی شہنیلا عامر 3801 ووٹ لیکر کامیاب ہوئیں، تحریک لبیک کے محمد علی 1787 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اورنگی ٹاون یوسی ون پر ٹی ایل پی کے امیدوار مفتی محمد علی کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن کا عملہ فون نہیں اٹھا رہا، فارم 11 اور 12 کی روشنی میں ٹی ایل پی جیت چکی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔