لاہور، بہاولپور، ٹھٹھہ ( نیوزڈیسک) پنجاب میں تاریخ کے بدترین سیلاب سے شہری سنبھل نہیں سکے، کئی علاقوں میں اب تک پانی کھڑا ہے، پانی کھڑا ہونے سے بحالی میں تاخیر ہو رہی ہے، کئی علاقوں میں راستے بحال نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے متاثرین کو گھروں کی طرف واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف میں سیکڑوں گھر اور ہزاروں ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصلیں ڈوب گئیں، باغات، تعلیمی ادارے ، سڑکیں دیگر انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

پانی کی سطح کم ہونے کے باوجود جگہ جگہ پڑے شگاف بند نہ کئے جاسکے، راستے بحال نہ ہونے سے سیلاب متاثرین کو واپسی میں مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں اشیا خورونوش کے حصول میں مشکلات ہیں۔

سیلاب متاثرین کے لیے مویشیوں کا چارہ حاصل کرنا بھی مشکل بن گیا، مکانات منہدم ہونے کے باعث کئی متاثرین ٹینٹ نہ ملنے پر کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، متاثرین نے خوراک ، راشن کی فراہمی اور جانوروں کے لئے ونڈا، چارہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

دوسری طرف دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتِ حال برقرار ہے، پانی کے دباؤ سے کچے کے علاقے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد مزید بڑھ گئی جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ7 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا، پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے کے باعث ٹھٹھہ میں کچے کے دیہات زیرِ آب آرہے ہیں۔

ٹھٹہ میں یار محمد منچھر سمیت کچے کے دیہاتوں میں پانی کی سطح میں کئی فٹ اضافہ ہوگیا جس کے بعد مکینوں نے قریبی بند کی طرف نقل مکانی شروع کردی جبکہ کئی افراد اب بھی علاقے میں موجود حکومتی مدد کے منتظر ہیں۔

نواب شاہ کے قریب بھی سیلابی صورتِ حال برقرار ہے جہاں کچے کے کئی گاؤں زیرِ آب آگئے، کچے کے مکینوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔

مٹیاری میں بھی کچے کے علاقے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث زیر آب آگئے ہیں، ہالہ کے دیہاتوں سے مقامی آبادی کشتیوں میں اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرکے محفوظ مقام پر منتقل ہورہے ہیں۔

ادھر گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں دریاؤں کی صورتِ حال معمول پر آگئی مگر کئی اضلاع اب بھی سیلابی پانی سے متاثر ہیں، جلال پور پیر والا میں سیلابی پانی اترنے کے بعد 5 افراد کی لاشیں ملیں جبکہ کبیر والا میں دریائے راوی اور چناب کا پانی آبادیوں سے اترنے لگا۔

موٹروے ایم 5 ملتان تا جھانگڑہ انٹر چینج تک بند ہے، بحالی کے لیے کام جاری ہے، نوراجہ بھٹہ کے حفاظتی بند پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، جلالپور کے مشرقی علاقوں میں سیلابی پانی نہ نکالا جا سکا، پانی جمع ہونے سے راستے بند، گھر اور دکانیں گرنے لگی ہیں۔

متاثرین نے کہا ہے کہ دو ہفتے سے پانی میں ڈوبے ہیں، سینکڑوں مکان گر چکے ہیں، پانی کی نکاسی نہ ہوئی تو باقی گھر بھی گر جائیں گے۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق کئی ہفتوں بعد دریائے ستلج میں بھی پانی کا زورٹوٹ گیا، گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ سلیمانکی پر پانی کا بہاؤ معمول پر آ گیا، صرف ہیڈ اسلام پر نچلے درجے کا سیلاب رہ گیا تاہم یہاں بھی پانی کی سطح کم ہو رہی ہے۔

پنجاب میں سیلاب نقصانات کے سروے کے لیے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کی درخواست پر وفاقی حکومت نے صوبے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے سروے کے لیے پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی حکومت نے فوج کی تعیناتی کے باضابطہ احکامات پنجاب حکومت کو ارسال کر دیے ہیں، فوج کی خدمات صوبے کے 27 اضلاع میں نقصانات کے سروے کے لیے حاصل کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فوج کی تعیناتی سیلاب کے نقصانات کے تخمینے کے لیے مشترکہ سروے ٹیم کا حصہ ہوگی، اس سروے میں انسانی جانوں، املاک، فصلوں، مویشیوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی تعین کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حالیہ سیلاب میں بڑی تعداد میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے جس کے بعد ایک جامع سروے ناگزیر قرار دیا گیا، وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی عمل میں لائی۔

پنجاب میں سیلاب کے دوران پاک فوج اور دیگر اداروں نے بروقت ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ہزاروں متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

Post Views: 1.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: پانی کی سطح نقصانات کے میں مشکلات علاقوں میں میں سیلاب ہونے سے جاری ہے کچے کے کے لیے فوج کی

پڑھیں:

جلال پور پیر والا، جہاں اب بھی زندگیاں سیلاب میں ڈوبی ہیں

لاہور:

ملتان کے تحصیل جلال پور پیر والا کے دیہات آج بھی پانی میں گِھرے ہوئے ہیں، سیکڑوں گھر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

کھیتوں میں اگنے والی گندم اور چاول سڑ گئے، کچے مکانوں کی دیواریں گر چکیں اور لوگ چھت سے محروم ہوکر خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

مقامی بزرگ محمد جمیل کے مطابق ہمارے گھر اور کھلیان سب پانی میں ڈوب گئے۔ برسوں کی محنت سے جمع کیا گیا اناج بھی خراب ہوگیا۔ اسی طرح ایک اور بزرگ تاج دین نے نمناک آنکھوں کے ساتھ بتایا ہم اپنے گھر دوبارہ بنا لیں گے، لیکن خدا کے لیے کوئی پانی تو نکالے۔ ہماری زندگی بھر کی کمائی، خواب اور سب کچھ اس پانی نے بہا دیا ہے۔

یہ صرف جلال پور پیر والا کے چند خاندانوں کی کہانی نہیں بلکہ ان ہزاروں افراد کی تصویر ہے جو آج بھی کھلے آسمان تلے کٹھن زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

خیمہ بستیوں میں نئی زندگیاں

سیلاب کے اندھیروں میں امید کی کرن بھی روشن ہے۔ جلالپور پیروالا کی ایک خیمہ بستی میں مقیم محمد اصغر کی اہلیہ نے بچی کو جنم دیا۔ اس ننھی جان کا نام عائشہ رکھا گیا۔

اصغر کے مطابق وہ محنت مزدوری کرتے ہیں اور ان کی دو بیویاں ہیں، ایک بیوی علی پور میں مقیم ہے جس کے ہاں جہاں چند ہفتوں بعد ایک اور بچے کی پیدائش متوقع ہے۔ یوں ان کے بچوں کی تعداد 13 ہو جائے گی۔ ان کے چار بیٹے اور آٹھ بیٹیاں ہیں۔ عائشہ کی پیدائش پر محمد اصغر نے بتایا ایک طرف سیلاب کی وجہ سے ہم مصیب کا شکار ہیں دوسری طرف اللہ نے اپنی رحمت سے نوازا ہے۔

خیمہ بستیوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر ظفر چیمہ نے بتایا کہ اب تک 9 بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے۔ ایک خاتون نے تو خیمے میں ہی بچی کو جنم دیا اور زچہ و بچہ دونوں صحت مند ہیں۔ ڈاکٹر کے مطابق اس وقت تین خیمہ بستیوں میں 18 حاملہ خواتین ہیں جن کے ہاں آئندہ ہفتوں میں بچوں کی ولادت متوقع ہے۔ خواتین کے طبی معائنے کے لیے لیڈی ڈاکٹر بھی موجود ہے جبکہ الٹرا ساؤنڈ کی سہولت کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈلیوری کے لیے خواتین کو مقامی پرائیویٹ اور سرکاری اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

تاہم خواتین کو سب سے زیادہ مشکل واش رومز اور صفائی کے ناقص انتظامات سے ہے۔ ایک خاتون رضیہ بی بی نے بتایا خیموں میں بنیادی ضروریات کا سامان مہیا کیا گیا ہے لیکن واش رومز کی کمی ہے اور صفائی کے لیے صابن بھی موجود نہیں ہوتا۔ منتظمین کی طرف سے خیمہ مکینوں کو صابن فراہم کیا گیا ہے لیکن واش رومز میں صابن نہیں رکھا جاتا۔

درخت پر پناہ لینے والا شہری

سیلاب کی تباہ کاریوں نے کئی حیران کن مناظر بھی دکھائے۔ ایک مقامی شہری حاجی رسول بخش دو ہفتوں تک اپنے گھر کے صحن میں لگے درخت پر لکڑی کے تختے رکھے ان پر بیٹھا رہا۔ حاجی رسول بخش نے بتایا کہ وہ گھر چھوڑ کر نہیں جانا چاہتا تھا، خاندان کے بچوں، خواتین اور دیگر افراد کو محفوط مقام پر بھیج دیا تھا۔ وہ خود گھر کی حفاظت کے لیے بیٹھا رہا کیونکہ یہاں دریائی علاقے میں لوگ گھروں سے سامان چوری کرکے لے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں اور سامان کی حفاظت کے لیے ہر خاندان کا ایک یا دو فرد موجود ہیں۔

فلاحی تنظیموں کا جذبہ خدمت

جہاں سیلاب نے گھروں اور فصلوں کو برباد کیا، وہیں انسانی ہمدردی کا جذبہ بھی جاگ اٹھا۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آٹھ خیمہ بستیاں قائم کی ہیں جہاں 10 ہزار سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں۔ ان بستیوں میں تین وقت کا کھانا دیا جاتا ہے، ہر خیمے کو پنکھا اور سولر پلیٹ فراہم کی گئی ہے اور مچھر دانیوں کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان محمد تابش قیوم نے بتایا کہ ہمارا سفر ریسکیو سے ریلیف اور ریلیف سے بحالی تک جاری رہے گا۔ لاہور، فیصل آباد اور کراچی سے 500 رضاکار یہاں موجود ہیں جو متاثرین کے گھروں کی صفائی اور بحالی میں مدد کریں گے۔ خیمہ بستیوں میں بچوں کے لیے عارضی اسکول بھی قائم کیے گئے ہیں اور میڈیکل کیمپس میں ڈاکٹر دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں۔

حکومتی اقدامات اور اعدادوشمار

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریاؤں میں پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے اور صورتحال بہتری کی طرف جا رہی ہے۔ تاہم سرکاری رپورٹیں بتاتی ہیں کہ تباہی کی وسعت بہت زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع براہِ راست متاثر ہوئے جبکہ 4700 سے زائد دیہات پانی میں ڈوبے۔ تقریبا 47 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 26 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ 271 ریلیف کیمپس اور 300 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے۔ 283 ویٹرنری کیمپس کے ذریعے 21 لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔ اسی طرح مختلف حادثات میں 134 شہری جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے کہا کہ نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے 24 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے اور متاثرہ شہریوں کو شفاف اور آسان طریقہ کار کے تحت معاوضہ دیا جائے گا۔

عوامی شکایات اور محرومیاں

اگرچہ حکومت کی طرف سے ریلیف کیمپس قائم ہیں مگر مقامی لوگ ان کی حالت سے خوش نہیں۔ متاثرین کے مطابق سرکاری کیمپوں میں صبح و شام بریانی کے ڈبے تو بانٹ دیے جاتے ہیں، مگر مچھر دانیوں، پنکھوں اور دیگر سہولتوں کا فقدان ہے۔ حبس اور گرمی نے بیماریاں پھیلا دی ہیں۔ امداد کی تقسیم میں بھی بے نظمی دیکھنے کو ملی۔

ایک ہی خاندان کے افراد سرکاری اور فلاحی دونوں کیمپوں میں رجسٹرڈ ہوکر بار بار راشن وصول کر رہے ہیں، جبکہ کئی ضرورت مند اب تک خالی ہاتھ ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت اور فلاحی اداروں کو ایک مشترکہ نظام بنانا ہوگا تاکہ امداد شفاف اور مؤثر انداز میں متاثرین تک پہنچ سکے۔

امید کی کرن

سیلاب نے خواب اور زندگیاں توڑ ڈالیں، لیکن متاثرین کی ہمت اور فلاحی اداروں کا جذبہ ایک نئی کہانی لکھ رہا ہے۔ خیمہ بستیوں میں ننھی عائشہ کی پیدائش، رضاکاروں کا دن رات خدمت میں مصروف رہنا اور مقامی لوگوں کا حوصلہ یہ بتاتا ہے کہ امید کی روشنی اب بھی باقی ہے۔ یہ وقت صرف پانی نکالنے کا نہیں بلکہ ٹوٹے خوابوں کو جوڑنے کا ہے۔ سیلاب کے متاثرین کی زندگیوں کو دوبارہ آباد کرنا ہی اصل امتحان ہے اور یہ تبھی ممکن ہوگا جب حکومت، فلاحی تنظیمیں اور معاشرہ ایک ساتھ کھڑے ہوں۔

متعلقہ مضامین

  • سیلاب کی تباہ کاریاں: راستے بحالی کا عمل سست، متاثرین کو گھر واپسی میں مشکلات کا سامنا
  • عالمی موسمیاتی ادارہ اور سیلاب سے بچاؤ
  • پنجاب ، سیلاب کی تباہ کاریوں کا سروے پاک فوج کرے گی
  • جلال پور پیر والا، جہاں اب بھی زندگیاں سیلاب میں ڈوبی ہیں
  • دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ ہونے لگا۔
  • دریائے سندھ، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد میں اضافہ
  • فلڈریلیف کیمپس سے متاثرین سیلاب کی گھروں میں واپسی ہوچکی ہے، ڈپٹی کمشنر ملتان 
  • دروازے پر دستک اور واپسی کا خوف: پاکستان میں افغان لڑکیوں کی مشکلات
  • صوبہ پنجاب ،خیبر پختونخوا اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کی رپورٹ جاری