سلامتی کونسل: پاکستان نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کو نایاب موقع قرار دیا
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
نیویارک: اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتِ حال پر اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عرب ممالک کے ساتھ کیے گئے امن اقدام کو ایک نایاب موقع قرار دیا ہے۔
خبر ساں اداروں کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ موقع تبھی تاریخی اور مثبت ثابت ہوگا جب تمام شرائط مکمل طور پر فلسطینی وقار، حقوق اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے ساتھ مربوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ پیش رفت غلط سمت میں چلی گئی تو دو ریاستی حل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عاصم افتخار نے خطاب میں خاص طور پر اسرائیل کے ای-ون بستی منصوبے کو غیرقانونی قرار دیا اور اسے قرارداد 2334 کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس منصوبے کا نفاذ مشرقی یروشلم کو فلسطین سے علیحدہ کر دینے اور مغربی کنارے کی جغرافیائی حیثیت ختم کرنے کے مترادف ہوگا، جس سے دو ریاستی حل کا جغرافیائی اور سیاسی بنیاد ہی مٹ سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی برادری اس مسئلے پر دہائیوں سے ضابطہ وضع کر چکی ہے اور اب ان قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانا سلامتی کونسل کی اولین ذمہ داری ہے۔
پاکستانی مندوب نے غزہ میں جاری انسانی المیے کے شواہد بھی کونسل کے سامنے رکھے اور کہا کہ اب تک تقریباً 66 ہزار فلسطینی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے نمایاں تعداد میں شامل ہیں، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر اور بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں۔
عاصم افتخار نے زور دے کر کہا کہ انسانی امداد بلا روک ٹوک پہنچائی جائے اور یرغمالیوں و قیدیوں کی فوری رہائی عمل میں لائی جائے تاکہ مزید انسانی قیمتی جانوں کا نقصان روکا جا سکے۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے ٹرمپ کی ثالثی اور عرب ممالک کے مشاورتی عمل کو امید افزا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل کا ہر لائحہ عمل فلسطینی ملکیت پر مبنی ہونا چاہیے اور اسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانونی معیارات کے عین مطابق ڈیزائن کیا جانا لازم ہے۔ اگر عالمی ادارے خود اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہیں گے تو اس سے کثیرالجہتی نظام کی ساکھ خطرے میں پڑ جائے گی۔
آخر میں عاصم افتخار نے پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ ملک فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت، ان کے وقار اور انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اب محض بیانات سے کام نہیں چلے گا ، عملی اقدامات، فوری جنگ بندی اور معیشت و تعمیر نو کے لیے مربوط منصوبہ بندی وقت کی ضرورت ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: بین الاقوامی عاصم افتخار انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا اسکولوں میں خود پڑھانے کا اعلان
لاہور : پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ٹیچر بننے کا اعلان کردیا۔رانا سکندر حیات نے ستمبر کے پہلے ہفتے سے انگلش اور کیمسٹری سمیت دیگر مضامین کی تدریس کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ستمبر کے پہلے ہفتے سے کلاس کو پڑھاناشروع کروں گا، انگلش اور کیمسٹری میرے پسندیدہ مضمون ہیں لہٰذا ان ہی مضامین سے شروع کروں گا۔وزیر تعلیم نے کہنا ہےکہ پرائمری اسکولوں میں انگلش اور ہائی اسکولوں میں کیمسٹری سے آغاز کروں گا جب کہ انگلش اور کیمسٹری کے علاؤہ دیگرمضامین کی بھی تدریس کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر ہفتے کسی ایک اسکول میں بغیر پیشگی اطلاع پڑھانے جاؤں گا، اساتذہ کی عزت کرتا ہوں، استاد بن کر فخر محسوس کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے تعلیمی معیار کو جانچ کر تدریسی کمزوریاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔