مشرق وسطیٰ میں 3 ہزار سالہ تنازع حل ہونے کو ہے، صدر ٹرمپ
اشاعت کی تاریخ: 6th, October 2025 GMT
VIRGINIA:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورجینیا کے شہر نورفولک میں امریکی نیوی کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایک تاریخی امن عمل شروع ہو چکا ہے اور تین ہزار سالہ پرانا مسئلہ جلد حل ہونے جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حماس کا امن منصوبہ زبردست ہے غزہ میں جہاں پہلے جنگ جاری تھی، اب مذاکرات ہو رہے ہیں، اور سب فریقین متفق ہیں کہ اس امن منصوبے پر کسی قسم کی لچک کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا نتیجہ آئندہ دو سے چار دن میں سامنے آ سکتا ہے اور لوگ خوش ہیں۔
ٹرمپ نے اس امن عمل کا حصہ بننے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو امن سے جینے دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ منصوبے میں کچھ معمولی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں لیکن بنیادی اصولوں پر سب کا اتفاق ہے۔
اپنے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج دنیا کی سب سے طاقتور فوج ہے اور امریکی نیوی سیل سے زیادہ سخت جان کوئی نہیں۔
صدر ٹرمپ نے حکومت کی جزوی بندش (شٹ ڈاؤن) کے باوجود فوجی اہلکاروں کو تنخواہیں دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ میں ہر امریکی سیلر اور فوجی کے لیے تنخواہوں میں مساوی اضافے کی مکمل حمایت کرتا ہوں۔
انہوں نے اس شٹ ڈاؤن کا ذمہ دار ڈیموکریٹ پارٹی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیموکریٹس ریپبلکن پارٹی کے کندھے پر بیٹھے ایک مکھی کی مانند ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ٹک ٹاک دوستی کے بعد اورنگی ٹاؤن سے اغوا ہونے والی 20 سالہ لڑکی ڈیڑھ سال بعد بازیاب
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ٹک ٹاک پر دوستی کے بعد اغوا ہونے والی 20 سالہ لڑکی ڈیڑھ سال بعد بازیاب ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 20 سالہ یسرا کی بازیابی کے بعد صوبائی وزیر ترقئ نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے متاثرہ لڑکی یسرا کے گھر کا دورہ کیا اور متاثرہ سمیت اہلخانہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق بھی انکے ہمراہ تھے۔
اپنے مبینہ اغوا، حبس بے جا میں رکھنے اور جنسی زیادتی سمیت اپنے ساتھ ہونے والے تمام مظالم کی داستان سناتے ہوئے یسرا نے صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کو بتایا کہ اس کو ڈیڑھ سال قبل ٹک ٹاک پر تعلق قائم ہونے پر مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا جہاں مبینہ اغواء کار حمزہ اور اسکی ماں کی جانب سے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا جس کی وجہ سے وہ انتہائی خوفزدہ تھی۔
لڑکی نے بتایا کہ ملزم حمزہ نے یسرا کے ساتھ زبردستی جھوٹا نکاح نامہ بھی بنوایا تھا اور اسکو جنسی زیادتی کا بھی نشانہ بناتا رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ڈیڑھ سال بعد موقع پاکر اس نے اپنے رشتہ دار جس کا اس نے نمبر یاد ہونے پر چھپا کر رکھا تھا، اُن سے رابطہ کرکے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کی اطلاع دی۔
اس کے بعد مقامی ایم پی اے اعجاز الحق کی فوری کاوش اور پولیس کی مدد سے میں بازیاب ہوئی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ترقئ نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے متاثرہ کو بتایا کہ پولیس نے ملزم حمزہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تمام پہلوؤں سے واقعے کی مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
شاہینہ شیر علی نے متاثرہ خاندان کو تمام طرح کی قانونی مدد فراہم کرنے یقین دہانی بھی کروائی۔ انھوں نے کہا کہ خواتین و بچیوں کے ساتھ مظالم کے خلاف سندھ حکومت کی واضح زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، خواتین و بچیوں پر ظلم کرنے والے ظالموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔