جھٹکے آتے رہیں گے لیکن یہ نظام چلے گا‘ رانا ثنا
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے مریم نواز اور بلاول بھٹونے میڈیا کو نیا موضوع دیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلاول بھٹوکی پریس کانفرنس کے بعد بات شروع ہوئی تھی،بلاول کی تجاویزسے مریم نوازنے اتفاق نہیں کیا تھا، بلاول بھٹواورمریم نوازدونوں اپنی پارٹیوں کے لیڈرہیں۔ اْنہوں نے کہا وزیراعظم شہبازشریف واپس آکر صدر زرداری سے بات کریں گے، جب وزیراعظم بات کریں گے تو معاملہ حل ہو جائے گا،اس معاملے میں میاں نوازشریف، شہبازشریف، آصف زرداری مداخلت کر سکتے ہیں۔ مشیر وزیراعظم نے کہا ایک طرف سے پریس کانفرنس ہوگی تودوسری طرف سے بھی ہوگی،اب میڈیا کونیا موضوع ملا ہے ورنہ پہلے تواڈیالہ جیل سے متعلق ہی باتیں ہوتی تھیں۔ انہوں نے کہا جھٹکے آتے رہیں گے لیکن یہ نظام چلے گا، سیلاب زدگان کو تو ہم نے مہمان بنایا ہوا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: نے کہا
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔