لاہور: ای چالان نادہندگان کے خلاف بڑا ایکشن، ڈھائی ہزار سے زیادہ گاڑیاں بلیک لسٹ قرار
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
ٹریفک پولیس لاہور نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے 2546 گاڑیاں بلیک لسٹ میں شامل کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں ای چالان کا نفاذ، عدم ادائیگی کی صورت میں کیا ہوگا؟
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے حکم دیا ہے کہ سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے ان بلیک لسٹڈ گاڑیوں کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
سیف سٹی اور ٹریفک پولیس کا مشترکہ ایکشن پلان
سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک پولیس لاہور اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے مل کر ایک جامع ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بلیک لسٹ گاڑیوں کو خودکار نظام سے ٹریس کیا جائے گا۔ شہر بھر میں نصب کیمرے ان گاڑیوں کی نقل و حرکت پر فوری نظر رکھیں گے۔
ادائیگی تک گاڑیاں بند رہیں گی
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ بلیک لسٹ میں شامل گاڑیاں اس وقت تک بند رکھی جائیں گی جب تک ان کے تمام واجب الادا چالان ادا نہیں کر دیے جاتے۔
پولیس اہلکاروں کو خصوصی ہدایات
سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک پولیس کی تمام نفری کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ دورانِ ڈیوٹی ہر گاڑی کے ای چالان سسٹم کے ذریعے چیک کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں موقع پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ای چالان کی ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری
ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ لاہور میں نصب جدید کیمرے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی ہر گاڑی کا بلاتفریق ای چالان کرتے ہیں، جس کی ادائیگی ہر شہری کے لیے لازم ہے۔
پچاس یا زائد چالان والی گاڑیاں پہلے مرحلے میں بلیک لسٹ
ابتدائی طور پر وہ گاڑیاں بلیک لسٹ کی جا رہی ہیں جن کے پچاس یا اس سے زائد ای چالان واجب الادا ہیں۔ ان گاڑیوں کے مالکان کو فوری طور پر اپنے جرمانے ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے ٹریفک ڈسپلن میں بہتری
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور خودکار نظام کے استعمال سے ٹریفک نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور روڈ سیفٹی کے معیار میں اضافہ ہوا ہے۔
سیف سٹی ٹیموں کو مکمل تعاون کی ہدایت
ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی میں تعینات ٹریفک پولیس ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلیک لسٹڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں فیلڈ اسٹاف کو مکمل تعاون فراہم کریں۔
خلاف ورزیوں کی روک تھام میں مددگار اقدام
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بلیک لسٹ گاڑیوں کے خلاف یہ سخت کارروائی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید کیمروں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک پولیس لاہور کو مکمل معاونت فراہم کر رہی ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ای چالان بلیک لسٹ چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: ای چالان بلیک لسٹ ڈاکٹر اطہر وحید ڈاکٹر اطہر وحید سی ٹی او لاہور ٹریفک پولیس گاڑیوں کے بلیک لسٹ کے خلاف سیف سٹی
پڑھیں:
اسلام آباد میں 17 نومبر سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (پاک ای پی اے) نے اعلان کیا ہے کہ 17 نومبر سے وفاقی دارالحکومت میں دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
ترجمان وزارتِ موسمیاتی تبدیلی محمد سلیم شیخ کے مطابق اس اقدام کا مقصد اسموگ کے موسم سے قبل فضائی آلودگی پر قابو پانا ہے۔ اس مہم میں اسلام آباد پولیس اور ٹریفک پولیس بھی شریک ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیے: ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے سہولیات میں اضافہ، یکم اکتوبر کے بعد کریک ڈاؤن کا فیصلہ
شہر کے مختلف مقامات پر چیکنگ اور دھواں ٹیسٹ کیے جائیں گے اور مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں پر جرمانہ یا ضبطگی کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ عوام اپنی گاڑیوں کا دھواں ٹیسٹ کروا کر پاک ای پی اے کے مراکز سے کلیئرنس اسٹیکر حاصل کریں، ورنہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں اور کھلے مقامات پر کچرا جلانے سے اجتناب کریں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں