وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ماہ روس کے دورے پر روانہ ہوں گے
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا آئندہ ماہ روس کے دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف آئندہ ماہ روس کا دورہ کریں گے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی وزرائے اعظم کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس نومبر میں روس میں منعقد ہوگا، جس میں رکن ممالک کے سربراہانِ حکومت شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران خطے میں اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور علاقائی روابط کی مضبوطی پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کی روسی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت علاقائی تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے، اور وزیراعظم کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان کے کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام اور معاشی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: شہباز شریف
پڑھیں:
عالمی یومِ اطفال، وزیراعظم شہباز شریف کا بچوں کے حقوق اور تعلیم پر خصوصی پیغام
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر قوم کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر بچوں کی فلاح و بہبود، تعلیم اور تربیت کی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ رواں سال 2025ء کا عالمی یوم اطفال میرا دن، میرے حقوق کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو بچوں کے بنیادی حقوق کی ادائیگی، ان کی نشوونما اور زندگی کے اہم مسائل پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کا مستقبل اس کے بچوں سے جڑا ہوتا ہے لہٰذا عالمی سطح پر بچوں کی خوشحالی اور فلاح کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق میں ذہنی و جسمانی نشوونما، مکمل تحفظ اور معیاری تعلیم و تربیت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے حقوق کی ادائیگی کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر مؤثر اقدامات وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہیں۔ حکومت پاکستان اس سلسلے میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کے خلاف پرتشدد واقعات کے سدباب کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ملک بھر میں ہونہار بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دانش اسکول پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے یاد دلایا کہ تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے، جس کا بنیادی مقصد اسکول سے باہر بچوں کو فوری طور پر تعلیمی دائرے میں لانا ہے۔
آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے عہد کیا کہ پاکستان اپنے بچوں کو ایک محفوظ، خوشحال اور تعلیم یافتہ مستقبل دینے کے لیے پوری قوت سے کوشاں ہے۔
انہوں نے تمام والدین، اساتذہ اور معاشرے سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بہتر تربیت میں اپنا کردار ادا کریں۔