کراچی، آئی ایس او کے تحت جامعہ اردو گلشن کیمپس میں عظیم الشان سالانہ یوم مصطفیٰؐ کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
مہمانِ خصوصی مولانا امین شہیدی نے عالمی حالات خصوصاً فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حالتِ زار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو دعوت دی کہ وہ اپنی زندگیوں میں سیرتِ نبوی ﷺ کو عملی طور پر نافذ کریں۔ اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن جامعہ اردو گلشن کیمپس کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی جامعہ اردو گلشن کیمپس میں سالانہ یوم مصطفیٰ (ص) کا پروگرام نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد طلبہ میں سیرتِ نبی اکرمﷺ، اخلاقِ محمدیﷺ اور شعورِ اسلامی کو اجاگر کرنا تھا۔ سالانہ یوم مصطفیٰؐ کے پروگرام میں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ مولانا محمد امین شہیدی، مولانا سید علی عباس رضوی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم و دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ پروگرام میں مختلف شعرائے کرام نے نہایت خوبصورت انداز میں نعت و منقبت پیش کی، جس سے محفل کی رونق دوبالا ہوگئی، جبکہ طلبہ و طالبات نے بھی محبتِ رسولﷺ کے جذبے سے سرشار ہو کر نعت رسولِ مقبولﷺ اور منقبت خوانی کی۔
مہمانِ خصوصی مولانا امین شہیدی نے عالمی حالات خصوصاً فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حالتِ زار پر روشنی ڈالی۔ مولانا امین شہیدی نے طلبہ کو پیغام دیا کہ موجودہ حالات میں نوجوان صرف تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ عصرِ حاضر کے چیلنجز کو سمجھیں، حق کی حمایت اور باطل کے خلاف آواز بلند کرنا اپنا فریضہ سمجھیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رسولِ اکرمﷺ کی سیرت ہمیں صرف عبادات نہیں بلکہ عدل، انصاف، اتحاد، جرات اور فکری بیداری کا درس بھی دیتی ہے۔ مولانا امین شہیدی نے طلبہ کو دعوت دی کہ وہ اپنی زندگیوں میں سیرتِ نبوی ﷺ کو عملی طور پر نافذ کریں۔ مولانا سید علی عباس رضوی نے خطاب کرتے ہوئے رسولِ اکرمﷺ کی حیاتِ طیبہ، انکی تعلیمات اور عصرِ حاضر میں امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر نہایت بصیرت افروز خطاب کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم نے فلسطین میں جاری مظالم اور پاکستان کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
سالانہ یوم مصطفیٰؐ کے موقع پر آئی ایس او کراچی ریجن کے صدر عون علی، آئی ایس او کراچی ڈسٹرکٹ پروفیشنل کے صدر مہدی علی، ڈاکٹر الیاس خاکی، اسٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر جہانگیر رضا، شعبہ ارضیاتی علوم کی پروفیسر ڈاکٹر شاہین عباس، ڈاکٹر صابہ زہرا، چیئرپرسن شعبہ کامرس، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر اختر رضا، آئی ایس او کراچی یونیورسٹی یونٹ، آئی ایس او عبدالحق یونٹ، پختون اسٹوڈنٹس، اے پی ایم ایس او اور اسلامی جمعیت طلبہ کے وفود سمیت، اساتذہ کرام، غیر تدریسی اسٹاف، طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مولانا امین شہیدی نے سالانہ یوم مصطفی پاکستان کے ایس او
پڑھیں:
کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ ٹوٹ گئی، سر پر چوٹیں
کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر چہل قدمی کے دوران فلم انڈسٹری کے معروف اداکار مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
لیجنڈ مصطفیٰ قریشی نے 700 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ان کے متعدد ڈائیلاگز اب بھی زبان زد عام ہیں۔
انھوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک حادثے کے بارے میں بتایا کہ فجر کی نماز کے بعد وہ حسبِ معمول گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک سڑک کے ٹوٹے ہوئے حصے میں پاؤں پھنس گیا۔
مصطفیٰ قریشی نے مزید بتایا کہ میرا پاؤں خستہ حال سڑک کے گڑھے میں اٹکا، میں زور سے گرا، سر بھی روڈ پر لگا اور ٹانگ ٹوٹ گئی۔ اللہ کا شکر ہے آنکھ محفوظ رہی۔
انھوں نے شہر کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے کہ وہ شہر کی سڑکوں کی درست مرمت کریں۔
مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ وہ آج رضا ربانی کی کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے، مگر چوٹ کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔
ڈاکٹرز نے پلاسٹر کے بعد لیجنڈ اداکار کو 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران وہ تمام سماجی سرگرمیاں معطل رکھیں گے۔
فلمی ستاروں اور مداحوں نے مصطفی قریشی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کی ٹوٹی سڑکوں پر توجہ دی جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔