کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سے مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ ٹوٹ گئی، سر پر چوٹیں
اشاعت کی تاریخ: 14th, October 2025 GMT
کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پر چہل قدمی کے دوران فلم انڈسٹری کے معروف اداکار مصطفیٰ قریشی کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
لیجنڈ مصطفیٰ قریشی نے 700 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ان کے متعدد ڈائیلاگز اب بھی زبان زد عام ہیں۔
انھوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک حادثے کے بارے میں بتایا کہ فجر کی نماز کے بعد وہ حسبِ معمول گھر کے باہر چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک سڑک کے ٹوٹے ہوئے حصے میں پاؤں پھنس گیا۔
مصطفیٰ قریشی نے مزید بتایا کہ میرا پاؤں خستہ حال سڑک کے گڑھے میں اٹکا، میں زور سے گرا، سر بھی روڈ پر لگا اور ٹانگ ٹوٹ گئی۔ اللہ کا شکر ہے آنکھ محفوظ رہی۔
انھوں نے شہر کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہمارے حکمرانوں کو عقل دے کہ وہ شہر کی سڑکوں کی درست مرمت کریں۔
مصطفیٰ قریشی نے بتایا کہ وہ آج رضا ربانی کی کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے، مگر چوٹ کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔
ڈاکٹرز نے پلاسٹر کے بعد لیجنڈ اداکار کو 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران وہ تمام سماجی سرگرمیاں معطل رکھیں گے۔
فلمی ستاروں اور مداحوں نے مصطفی قریشی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کی ٹوٹی سڑکوں پر توجہ دی جائے تاکہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق
شہر قائد کے علاقے مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مواچھ گوٹھ کے نور شاہ محلے میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوا جس کی شناخت جہانگیر کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او موچکو واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ بچہ گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرا۔
کھلے مین ہول میں گرکر بچے کی ہلاکت پر اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔
مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گرنے سے بچے کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں نے بچے کی میت رکھ کر احتجاج کیا اور حب ریور روڈ و ناردرن بائی پاس پر ٹریفک کو بند کردیا۔