فیڈرل ہاؤسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر لینڈ اسلام آباد میں قتل، وزیرِ داخلہ نے رپورٹ طلب کرلی
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
وفاقی دارالحکومت کے مرکزی علاقے بلیو ایریا میں وزارتِ ہاؤسنگ کے ذیلی ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کے ڈائریکٹر لینڈ احسان الہیٰ کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا جب احسان الہیٰ ایک ہوٹل سے کھانا کھا کر باہر نکلے تو 2 موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
مزید پڑھیں: چند گھنٹوں میں اسلام آباد کے معروف مراکز میں 2 افراد قتل
ترجمان ایف جی ای ایچ اے نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ واقعہ لینڈ مافیا کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے۔
ترجمان کے مطابق احسان الہیٰ 2024 سے ایف جی ای ایچ اے میں بطور ڈائریکٹر لینڈ خدمات انجام دے رہے تھے، اور حال ہی میں ان کی کوششوں سے ایف جی ای ایچ اے، ایس سی بی اے پی اور ڈی ایچ اے کے درمیان مارگلہ آرچرڈ منصوبے پر سہ فریقی معاہدہ طے پایا تھا۔
وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ نے پمز اسپتال کا دورہ کیا، مقتول کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی۔
مزید پڑھیں: میرپور ماتھیلو میں صحافی محمد طفیل ہیدرانی قتل دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ قرار
دوسری جانب وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے حکم دیا کہ قتل کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ مقتول کے اہلِ خانہ کو انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں، تاہم مقدمہ درج کیے جانے کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوا۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
FGEHA بلیو ایریا ڈائریکٹر لینڈ احسان الہیٰ ریاض حسین پیرزادہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی قتل وزیر داخلہ محسن نقوی.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بلیو ایریا ریاض حسین پیرزادہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی قتل وزیر داخلہ محسن نقوی ڈائریکٹر لینڈ احسان الہی ایچ اے
پڑھیں:
ن لیگ اور پی پی کشیدگی، صدر زرداری کی محسن نقوی کو کردار ادا کرنے کی ہدایت
فائل فوٹوصدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان سیاسی کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی ہدایت کردی۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان اختلافات کے خاتمے کی کوششیں جاری ہیں، صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی بلاؤل ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے سندھ اور پنجاب حکومت کے درمیان جاری تناؤ پر گفتگو کی۔
ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ٹیلی فون کر کے سندھ اور پنجاب کے درمیان چلنے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی، صدرِ مملکت نے وزیرِ داخلہ کو موجودہ سیاسی حالات میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی، دونوں نے اتحادی جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی طلبی پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کراچی پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔