کراچی میں ٹماٹر چکن سے بھی مہنگا ہوگیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, October 2025 GMT
کراچی:
شہر میں ٹماٹر چکن سے بھی مہنگا ہوگیا ہے اور قیمت نے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں ٹماٹر 450 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے جبکہ مرغی کا گوشت 450 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت 280 روپے مقرر ہے تاہم بچت بازاروں سمیت کہیں بھی اس پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے جبکہ دکان داروں کا کہنا ہے کہ منڈی سے ہی ٹماٹر مہنگا مل رہا ہے جس کی وجہ سے سستے داموں فروخت کرنا ممکن نہیں ہے۔
سبزی فروشوں کے مطابق پنجاب سے ٹماٹر کی سپلائی محدود ہے اور مارکیٹ میں سندھ کی فصل آنے کا انتظار ہے، اس وقت کراچی کی 90 فیصد طلب ایرانی ٹماٹر سے پوری کی جا رہی ہے جبکہ افغانستان سے درآمد بند ہونے کے باعث قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
سہریوں نے سستے داموں ٹماٹر کی خریداری کے لیے بچت بازاروں کا رخ کیا تاہم بچت بازاروں میں بھی ٹماٹر کی قیمت بے لگام ہے۔
گلشن اقبال کے بچت بازار کے اسٹال ہولڈر کا کہنا تھا کہ منڈی کی سطح پر کوئی سرکاری نرخ نہیں ہے، گاہک سرکاری قیمت پر ٹماٹر مانگ رہے ہیں لیکن نقصان کرکے کیسے فروخت کریں۔
بچت بازاروں کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری نرخ سے زائد پر فروخت کرنے والے اسٹالز بند کروادیے گئے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بچت بازاروں ٹماٹر کی
پڑھیں:
ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبے کی سروسز مزید مہنگی
ایک ماہ میں ملک میں صحت اور تعلیم کے شعبے کی سروسز مزید مہنگی ہو گئیں۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق شہروں میں صحت کا شعبہ 6.99 فی صد جب کہ دیہات میں 9.65 فی صد مہنگا ہو گیا ہے، میڈیسن کا شعبہ 6.94 فی صد مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی طرف سے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ تھراپک اپلائنسز اور ساز و سامان 2.19 فی صد مہنگا، ڈاکٹر کی فیس میں 7.37 فی صد اضافہ ہوا، ڈینٹل سروسز 8.36 اور میڈیکل ٹیسٹس 10.72 فی صد مہنگے ہوئے، جب کہ شہروں میں ایک ماہ میں اسپتال سروسز 5.21 فیصد مہنگی ہوئیں۔دیہات میں ایک ماہ میں ڈرگز اور ادویات 8.35 فی صد مہنگی ہوئیں، دیہات میں ایک ماہ میں ڈاکٹر کی کلینک فیس 16.16 فیصد اضافہ ہوا، ڈینٹل سروسز 17.13 فی صد، میڈیکل ٹیسٹس 11.13 فی صد مہنگے ہوئے، اور اسپتال سروسز میں 6.88 فی صد اضافہ ہوا۔شماریات کے مطابق شہروں میں ایک ماہ میں تعلیم کا شعبہ 8.24 فی صد مہنگا ہوا، جب کہ دیہات میں تعلیم کا شعبہ 11.22 فی صد مہنگا ہوا۔ دیہات میں ایک ماہ میں اسٹیشنری کا شعبہ بھی 2.27 فی صد مہنگا ہوا۔