ایف سی کی جانب سے اسپین کئی میں بائی پاس روڈ کی تعمیر مکمل،عوام کا دیرینہ مطالبہ پور
اشاعت کی تاریخ: 24th, October 2025 GMT
فرنٹیئر کور (ایف سی) خیبر پختونخوا ساؤتھ نے اسپین کئی میں بائی پاس روڈ کا منصوبہ مکمل کر لیا، جس سے مقامی عوام کا ایک اور اہم مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔
یہ منصوبہ9 اگست کے کنونشن کے دوران محسود اور برکی قبائل کے مشران و عمائدین کے مطالبے پر شروع کیا گیا تھا، جسے ایف سی خیبر پختونخوا (ساؤتھ) نے وعدے کے مطابق مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا ہے۔
کیڈٹ کالج اسپین کئی کے قریب تعمیر ہونے والا یہ بائی پاس روڈ علاقے کے لوگوں کو آمدورفت میں آسانی فراہم کرے گا، جبکہ اس سے تعلیم، صحت، تجارت اور روزمرہ زندگی میں بھی بہتری آئے گی۔
مقامی عوام نے ایف سی کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایف سی (ساؤتھ) کے مطابق ادارہ امن و سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہے، اور ترقیاتی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ علاقے میں مثبت تبدیلیوں کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ایف سی
پڑھیں:
محکمہ اطلاعات کے چار فلمی منصوبے مکمل، جلد عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے
محکمہ اطلاعات سندھ نے چار فلمی منصوبے مکمل کرلیے ہیں جنہیں حتمی شکل دے کر جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں تین دستاویزی فلمیں اور ایک فیچر فلم شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کے کنٹینٹ اینڈ پروڈکشن بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ کے اراکین قاضی اسد عابد، اداکارہ ژالے سرحدی، سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ اطلاعات کے تحت مکمل ہونے والے فلمی منصوبے سندھ کی ثقافت، تاریخ اور سماجی اقدار کو اجاگر کرتے ہیں۔ اجلاس میں ان فلموں کے مواد، فنی معیار، اور سماجی و ثقافتی اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بورڈ نے نئی دستاویزی اور فیچر فلموں کے آئندہ مراحل، ان کی مارکیٹنگ، نمائش، اور عوامی رسائی سے متعلق امور پر بھی غور کیا۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ثقافت، تاریخ اور عوامی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے جدید میڈیا اور فلم سازی کو مؤثر ذریعہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف صوبے کے مثبت تشخص کو نمایاں کریں گے بلکہ نوجوان فلم سازوں اور اداکاروں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں دکھانے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت فنونِ لطیفہ، فلم اور میڈیا کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ صوبے کے ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر روشناس کرایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مکمل ہونے والے منصوبوں کو جلد نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ آئندہ فلمی منصوبوں کے لیے تجاویز بھی بورڈ کے سامنے رکھی جائیں گی۔