وقت سے پہلے دفتر پہنچنے کی ’عادت‘، اسپین میں خاتون کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ گئے
اشاعت کی تاریخ: 6th, December 2025 GMT
عام طور پر دیر سے دفتر آنے والے ملازمین ہی سرزنش یا برطرفی کا سامنا کرتے ہیں، لیکن اسپین میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون کو وقت سے پہلے دفتر پہنچنے پر نوکری سے نکال دیا گیا۔
یہ واقعہ اسپین کے شہر الیکانٹے میں پیش آیا، جہاں ایک ڈیلیوری کمپنی میں ملازمت کرنے والی خاتون روزانہ صبح 6:45 سے 7:00 بجے کے درمیان دفتر پہنچ جاتی تھیں—حالانکہ ان کا کنٹریکٹ واضح طور پر کہتا تھا کہ ان کی شفٹ 7:30 بجے شروع ہوتی ہے۔
اپنے کولیگز اور مینیجر سے پہلے آکر کام شروع کرنا، جو عام طور پر ایک مثبت عادت سمجھی جاتی ہے، یہاں ان کے لیے مسئلہ بن گئی۔
2023 میں منیجر نے پہلی بار خاتون کو جلدی آنے پر سرزنش کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے کنٹریکٹ کے مطابق وقت پر ہی کام شروع کیا کریں۔
تاہم خاتون نے وارننگ کے باوجود جلدی دفتر آنا جاری رکھا۔ کمپنی کی جانب سے بار بار توجہ دلانے کے باوجود انہوں نے اپنا معمول نہیں بدلا۔
آخرکار رواں برس منیجر نے انہیں بتا دیا کہ دفتر جلدی آنا نہ صرف کمپنی کے قواعد کے خلاف ہے بلکہ اسے ’سنگین بدتمیزی‘ تصور کیا جائے گا—اور اسی بنیاد پر خاتون کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
خاتون نے اپنے خلاف اس کارروائی پر کمپنی کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کردیا۔
عدالت میں مینیجر نے مؤقف اختیار کیا کہ: خاتون کے جلد آنے پر ان کے پاس کوئی کام نہیں ہوتا تھا، وہ کمپنی کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادہ نہیں تھیں، مسلسل وارننگ کے باوجود وہ اپنی مرضی پر قائم رہیں، ان کا رویہ کمپنی ورکر تعلقات میں تناؤ پیدا کر رہا تھا۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے کمپنی کے حق میں فیصلہ دیا اور برطرفی کو درست قرار دے دیا۔یہ دلچسپ کیس ظاہر کرتا ہے کہ دفتر ’’جلدی‘‘ پہنچنا بھی کبھی کبھار ’’مسئلہ‘‘ بن سکتا ہے—خاص طور پر جب بات کمپنی کے ضابطوں اور پروفیشنل رویے کی ہو۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
امریکی صدر ٹرمپ کو فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یہ اعزاز انہیں اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کی تقریب کے دوران دیا۔
واشنگٹن میں منعقدہ تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے صدر ٹرمپ کو ایوارڈ پیش کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فیفا نے گزشتہ ماہ ہی اس ایوارڈ کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایسے افراد کو سراہنا ہے جنہوں نے عالمی سطح پر امن کے لیے غیرمعمولی کوششیں کی ہوں۔
ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے اسے اپنی زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی کوششوں سے لاکھوں جانیں بچائی گئیں انہوں نے کہا کہ کانگو اور پاک بھارت کے معاملات میں ممکنہ جنگ کو شروع ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے فیفا سربراہ جیانی انفینٹینو کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ آپ نے شاندار کام کیا ہے، ٹکٹوں کی فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، یہ آپ اور عالمی فٹبال دونوں کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔