پولیس وردی میں ٹک ٹاک بنانے پر تین اہلکار نوکری سے برخاست
اشاعت کی تاریخ: 4th, December 2025 GMT
لاہور:
لاہور میں ڈیوٹی کے دوران ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والے تین پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کردیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں پیش آیا جہاں کانسٹیبل شاہد، بلال اور عثمان نے وردی میں ویڈیو بنائی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد ایس پی شہربانو نقوی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں اہلکاروں کو ملازمت سے نکال دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ پولیس ملازمین کو سوشل میڈیا کے باعث کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے اپنے افسران اور اہلکاروں کے لیے ٹک ٹاک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ واضح ہدایات دی گئی تھیں کہ کوئی بھی اہلکار یونیفارم میں ویڈیو نہیں بنائے گا، ورنہ سخت تادیبی کارروائی ہوگی۔
اسی پالیسی کی خلاف ورزی پر اسلام آباد پولیس نے دو اہلکاروں، آفتاب احمد اور احتشام اسلم کو بھی معطل کیا تھا۔ ان پر ’’بدتمیزی‘‘ اور سوشل میڈیا قواعد توڑنے کے الزامات عائد کیے گئے اور انہیں ریسکیو 15 میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یونیفارم میں ویڈیو بنانا نہ صرف سروس ڈسپلن کے خلاف ہے بلکہ ادارے کی ساکھ پر بھی سوال اٹھاتا ہے۔ اسی لیے مستقبل میں بھی اس معاملے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بلوچستان، کچھی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، خاران میں سکیورٹی فورسز پر حملہ
کچھی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ جبکہ خاران میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ہے۔ جس میں ایک اہلکار جانبحق، 7 زخمی ہو گئے۔ اسلام ٹائمز۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک اور متعدد کیمپس کو تباہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب خاران میں سکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹ پر حملہ ہوا ہے۔ جس میں ایک اہلکار جانبحق، جبکہ 7 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کے ذرائع نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کچھی کے علاقے ڈھاڈر نغاری میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی رپورٹ پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا۔ جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد کیمپ تباہ کر دیئے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے گروک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک سکیورٹی اہلکار جانبحق اور سات دیگر جوان زخمی ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔ جس کے نتیجے میں دہشت گرد علاقے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے۔