نوکنڈی اور پنجگور میں ایف سی پر حملے ناکام بنادیے گئے، متعدد دہشتگرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 1st, December 2025 GMT
سیکیورٹی فورسز نے اتوار کی رات نوشکی کے علاقے نوکنڈی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹر پر ہونے والے مسلح حملے کو ناکام بنا دیا اور تین حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔
نجی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایف سی جنوبی کے ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروہ نے نوکنڈی ٹاؤن میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا۔
ترجمان نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، اور دھماکے کے فوراً بعد کم از کم 6 مسلح دہشت گرد کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف سی قلعے میں داخل ہونے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق قلعے کے اندر سے شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم ایف سی ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے حملہ ناکام بنا دیا، ترجمان نے بتایا کہ قلعے کے اندر کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے۔
دوسری جانب، کچھ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
پنجگور میں چیک پوسٹ پر حملہ
دریں اثنا، دہشت گردوں نے شام کے وقت ضلع پنجگور کے علاقے گرمکان میں ایف سی کی ایک چیک پوسٹ پر بھی حملہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جو رات گئے تک جاری رہا۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
دونوں حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کر لی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز
پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کےلیے ڈرون مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ڈرون مانیٹرنگ سے سیلابی ریلے کی آمد کی نشاندہی ممکن ہوگی۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران واٹر لیول نارمل پایا گیا، پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی واٹر لیول کی ڈرون مانیٹرنگ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ میں پانی کا بہاؤ نارمل پایا گیا۔ ہیڈسدھنائی پر ڈرون مانیٹرنگ سے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہیڈ مرالہ میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کا مانیٹر کیا گیا۔