بنوں: شادی کی تقریب میں 2 گروپوں میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 26th, October 2025 GMT
—فائل فوٹو
بنوں میں شادی کی تقریب میں موسیقی کے دوران 2 گروپوں میں فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے نار جعفر میں رات گئے شادی کی تقریب میں موسیقی جاری تھی اور ڈی جے میوزک پر خواجہ سرا رقص کر رہے تھے کہ اس دوران خواجہ سرا کو چھیڑنے پر دونوں گروپوں میں جھگڑا ہو گیا۔
اس دوران دونوں گروپ جو اسلحے سے لیس تھے، ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں حق اور 8 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں حق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پشاور میں پی ٹی آئی سینیٹر خرم ذیشان کے سسرال پر مسلح افراد کا حملہ، ملازم شدید زخمی
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حیات آباد میں پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان کے سسرال پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، جس میں گھریلو ملازم گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ تاتارا کی حدود حیات آباد میں پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان کے سسر کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گھریلو ملازم گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جبکہ گھر کو بھی نقصان پہنچا۔
مسلح افراد کی جانب سے کی جانے والی اندھا دھند فائرنگ سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پیدا ہوگیا تھا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ فیز 2 سیکٹر ایچ 3 میں پیش آیا ہے جہاں اظہر حسین بخاری ولد سید مبارک حسین بخاری نے پولیس کو رپورٹ کی کہ وہ گھر میں موجود تھے اس دوران ہمارے بنگلے پر نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کردی۔
ایف آئی آر کے مطابق گھریلو ملازم ابصار احمد گولی لگنے سے زخمی ہوگیا اور گولیاں گھرکو بھی لگیں اور گھر کے سامان کو بھی نقصان پہنچا۔
مدعی نے بتایاکہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی حیات آباد محمد جنید کھرل ایس ایچ او سمیت دیگر افسران کے ہمراہ پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیا جبکہ جائے وقوعہ سے پولیس نے شواہد اکھٹے کیے۔
پولیس نے موقع سے 20 سےزائد گولیوں کے خالی خول برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیااورمزید تفتیش شروع کردی ہے۔