بھارتی جارحیت کشمیر ی آج : دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے ‘ پاکستانی ساتھ کھڑے ہیں؛ صدر ‘ وزیراعظم
اشاعت کی تاریخ: 27th, October 2025 GMT
اسلام آباد+ سرینگر (خبر نگار خصوصی+ آئی این پی) کنٹرول لائن کے دونوں اطرف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج پیر 27اکتوبر کو بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں جس کا مقصد دنیا کو باور کرانا ہے کہ بھارت نے ان کے مادر وطن پر غیر قانونی طور پر ان کی خواہشات کے برخلاف قبضہ کر رکھا ہے۔ اقوام عالم کشمیریوں سے کئے وعدے پورے کروائیں۔27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی اور کشمیریوں کی امنگوں کے برخلاف سرینگر کے ہوائی اڈے پر اپنی فوج اتار کر جموں وکشمیر پر قبضہ کرلیا تھا۔ یوم سیاہ کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور احتجاجی مظاہر ے ہوں گے۔ اس موقع پر بھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور وادی کو سکیورٹی قلعہ میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ سرینگر، بارہمولہ، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام ، کپواڑہ اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر حصوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن میں کشمیریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مکمل ہڑتال کریں۔ پوسٹروں حریت رہنمائوں کی تصاویر موجود ہیں۔ آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھرمیں احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقع پر بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی طرف سے 5اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی بھی مذمت کی جائے گی۔ یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دے رکھی ہے اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔ ادھر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق آج پیر کو صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد میں ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہے گا۔ میں کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24 کروڑ پرعزم پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ضم اضلاع کیلئے ٹیکس استثنیٰ بحال کریں: گورنر خیبر پی کے کا وزیراعظم کو خط
پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپی کے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان سے ضم قبائلی اضلاع کیلئے وفاقی ٹیکس استثنیٰ بحالی کی درخواست کردی۔ وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں گورنر نے مطالبہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع اور پاٹا کے لیے وفاقی ٹیکس استثنیٰ میں توسیع کرتے ہوئے انضمام کے وقت قبائلی عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی جائے۔ ضم قبائلی اضلاع اور پاٹا میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر وفاقی محصولات کے نفاذ پر نظرثانی کی جائے۔ وفاقی ٹیکسوں کے خاتمے کے بغیر قبائلی عوام کو مکمل ٹیکس ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت پہلے ہی ضم شدہ اضلاع اور پاٹا پر عائد تمام صوبائی ٹیکس ختم کر چکی ہے، تاہم وفاقی ٹیکس برقرار رہنے سے عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل رہا۔ دریں اثناء گورنر فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر) پشاور کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر سہیل امیر مروت نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ادارے کی تحقیق و ترقی (ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، جاری پی ایس ڈی پی منصوبوں، ادارے کی تحقیقی صلاحیتوں اور استعداد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔