محمد عامر ابوظہبی ٹی10 لیگ میں کوئٹہ کیولری کے کپتان مقرردبئی
اشاعت کی تاریخ: 31st, October 2025 GMT
اسٹار فاسٹ بولر محمد عامر کو ابوظہبی ٹی10 لیگ 2025 میں نئی فرنچائز کوئٹہ کیولری کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔ فرنچائز مینجمنٹ نے محمد عامر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم کی قیادت سونپی ہے۔محمد عامر بطور قائد پہلی مرتبہ ٹی10 فارمیٹ میں شرکت کر رہے ہیں اور انہیں نوجوان اسکواڈ کی رہنمائی کے لیے بہترین انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔ ٹیم کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عامر کا تجربہ، جارحانہ بولنگ اسٹائل اور میدان میں جارحانہ جذبہ کوئٹہ کیولری کو مضبوط ٹیم کے طور پر سامنے لائے گا۔کوئٹہ کیولری نے اس سال متوازن اسکواڈ تشکیل دیا ہے جس میں سکندر رضا، عباس آفریدی، محمد وسیم جونیئر، عرفان خان نیازی، خُزیمہ بن تنویر اور عرفات منہاس جیسے اہم کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق محمد عامر نہ صرف نئی گیند سے خطرناک ثابت ہوں گے بلکہ بولرز کے لیے رہنمائی کا اہم کردار بھی ادا کریں گے۔محمد عامر نے کپتانی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کیولری کو میدان میں ایک فائٹنگ یونٹ کے طور پر پیش کریں گے اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی10 فارمیٹ تیز، دلچسپ اور فیصلہ کن ہوتا ہے اور وہ ٹیم کے ساتھ بھرپور محنت کریں گے۔ابوظہبی ٹی10 لیگ 18 نومبر سے شروع ہوگی جس میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ کرکٹ شائقین کوئٹہ کیولری اور محمد عامر کی قیادت میں شاندار کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
خیبرپختونخوا؛ کوہستان مالیاتی اسکینڈل، عدالت کا 21 کروڑ 13 لاکھ سے زائد ضبط کرنے کا حکم
پشاور کی احتساب عدالت نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل سے 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم جاری کردیا۔
پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے اپرکوہستان مالیاتی اسکینڈل میں کروڑوں روپے کی ضبطگی سے متعلق درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے ملزم دوراج خان کی جانب سے دائر پلی بارگین درخواست کے تناظر میں 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق نیب خیبرپختونخوا اپرکوہستان میں جعلی بلوں اور بوگس دعوؤں کے ذریعے سرکاری فنڈز میں کرپشن کی تحقیقات کر رہا ہے، ملزم کے قریبی رشتہ داروں کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس میں موجود 21 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 685 روپے ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزم دوراج خان اس مقدمے میں گرفتار ہے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ کرپشن کی رقم چھپانے کےلیے بیشام کے نجی بینک میں قریبی رشتہ داروں کے نام پر اکاؤنٹس کھلوائے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم کے رشتہ داروں محمد اقبال، محمد ایاز، محمد عمر، کریم داد اور سربلند نے عدالت میں رضاکارانہ بیانات قلم بند کرائے اورمؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے نام پر موجود اکاؤنٹس میں جرائم سے حاصل شدہ رقم کا علم نہیں تھا۔
احتساب عدالت نے کہا ہے کہ ملزم کے رشتہ داروں نے تمام رقوم بحق سرکار ضبط کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور رقم پر کسی قسم کا دعویٰ نہ کرنے کا بیان دیا۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ضبط شدہ رقم چیئرمین نیب کے نیشنل بینک آف پاکستان، پی ایم سیکریٹریٹ برانچ اسلام آباد کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ضبط شدہ رقم ملزم کی پلی بارگین کے تحت واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔