تحریک تحفظ کی پریس کانفرنس، پولیس کا کوئٹہ پریس کلب کا محاصرہ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, November 2025 GMT
کوئٹہ پریس کلب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صوبائی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کی کال پر پولیس نے کوئٹہ پریس کلب کا محاصرہ کرتے ہوئے راستے بند کر دیئے۔ اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صوبائی رہنماؤں کی جانب سے پریس کانفرنس کی کال پر پولیس نے کوئٹہ پریس کلب کا محاصرہ کرتے ہوئے راستے بند کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق آج تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل اپوزیشن جماعتوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کی کال دی تھی۔ تاہم کوئٹہ پولیس نے پریس کانفرنس سے قبل ہی کوئٹہ پریس کلب کا محاصرہ کرتے ہوئے پریس کلب کے راستے بند کر دیئے۔ پریس کلب کے قریب قیدیوں کی خالی وین بھی لائی گئی تھی۔ صحافیوں نے بتایا کہ پولیس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں کو پریس کانفرنس سے روکنے آئی ہے۔ ضرورت پڑنے پر رہنماؤں کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ پولیس کی جانب سے پریس کلب کے محاصرے سے متعلق موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ صحافیوں نے پولیس کے رویے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت اور بنیادی حقوق پر حملہ قرار دیا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کوئٹہ پریس کلب کا محاصرہ تحریک تحفظ آئین پاکستان پریس کانفرنس کرتے ہوئے
پڑھیں:
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اپیل پر ملتان میں بھی یوم سیاہ، نماز جمعہ کے بعد سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم اور دیگر ترامیم کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، آئین پاکستان کی حفاظت ہر شہری کا فریضہ ہے، آئین کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے، حاکمیت صرف اللہ کی ہے 27 ویں آئینی ترمیم شریعت کے منافی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع ملتان کے زیراہتمام تحریک تحفظ آئین پاکستان کی اپیل پر ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی جمعہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، ملتان میں نماز جمعہ کے بعد 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت صوبائی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی، ضلعی آرگنائزر ملتان عون رضا انجم ایڈووکیٹ، سید عترت کاظمی، علامہ مجاہد جعفری نے کی۔ مظاہرین نے پاکستان زندہ باد، آئین پاکستان زندہ باد، 27 ویں آئینی ترمیم مردہ باد کے نعرے لگائے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم اور دیگر ترامیم کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، آئین پاکستان کی حفاظت ہر شہری کا فریضہ ہے، آئین کو مسخ کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے، حاکمیت صرف اللہ کی ہے 27 ویں آئینی ترمیم شریعت کے منافی ہے، 27 ویں آئینی ترمیم سے کرپٹ اور ملک کے غداروں کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے، جلدبازی میں ایسی ترامیم لائی جا رہی ہیں جو ملکی مفاد میں نہیں، آج ملک بھر میں آئین کی پامالی کے خلاف یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، اس طرح کی ترامیم ملکی مفاد میں نہیں جس طرح پاس کی گئی ہیں اسی طرح ختم ہوں گی، اس موقع پر علی رضا حسینی، حسن رضا حیدری، حسنین رضا، ہادی گردیزی سمیت دیگر موجود تھے۔