میں نے اپنے شوہر کو دوسری شادی کرنے کا مشورہ دیا تھا، منزہ عارف
اشاعت کی تاریخ: 23rd, November 2025 GMT
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ منزہ عارف نے انکشاف کیا ہے کہ جب مجھے کراچی آنا پڑا تو میں نے شوہر کو دوسری شادی کا مشورہ دیا جس پر وہ پریشان ہوگئے تھے۔
منزہ عارف شوبز میں قدم رکھنے سے قبل لاہور میں ماہر تعلیم تھیں، تاہم شوبز میں آنے کے بعد انہیں کام کے سلسلے میں کراچی منتقل ہونا پڑا، جس میں ان کے شوہر نے ان کا بہت ساتھ دیا۔
منزہ عارف نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے نجی زندگی، کیریئر سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ میں شوبز میں آنے سے قبل لاہور میں بطور ماہر تعلیم کام کرتی تھیں اور اسی دوران میں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا۔ اب کراچی میں اپنے پروجیکٹس کے باعث طویل عرصے سے رہائش پذیر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں رہنے کی وجہ سے شوہر کی فکر رہتی تھی، جب بھی میں کراچی سے لاہور یا لاہور سے کراچی کے لیے سفر کرتی تو میرے شوہر مجھے خود ایئرپورٹ چھوڑنے اور لینے آتے تھے۔
اداکارہ کے مطابق میرے شوہر میرا سب سے بڑا سہارا ہیں، وہ مجھ سے محبت کرتے ہیں، مجھ پر اعتماد کرتے ہیں اور ہمیشہ مجھے اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے اور کیریئر میں مزید آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں طویل قیام کی وجہ سے میں نے شوہر سے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ آپ چاہیں تو دوسری شادی کر سکتے ہیں کیونکہ شاید آپ تنہائی محسوس کرتے ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے لگا تھا کہ وہ یہ بات سن کر خوش ہو جائیں گے۔ مگر الٹا وہ پریشان ہوگئے اور مجھ سے سوال پوچھا کہ تم یہ مشورہ کیوں دے رہی ہو؟ کیا تمہارے ذہن میں کوئی اور پلان ہے؟
اداکارہ نے ہنستے ہوئے بتایا کہ یہ صرف میاں بیوی کے درمیان ایک مذاق تھا، جسے ان کے شوہر نے بالکل سنجیدہ نہیں لیا اور نہ ہی کبھی لینے والے ہیں۔
منزہ عارف نے دوران انٹرویو اپنے شوہر کو مکمل ’گرین فلیگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قدم پر میری سپورٹ میں کھڑے نظر آتے ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی میں شہریوں کی رہنمائی کیلیے روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ قائم کرنے کرنا کا فیصلہ
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے ’’روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ‘‘ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، روڈ سیفٹی کے فروغ اور عوام دوست پولیسنگ کے وژن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے "روڈ سیفٹی آفیسر یونٹ" قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روڈ سیفٹی آفیسرز شہر کی اہم اور مصروف شاہراہوں بشمول شاہراہ فیصل ، ماڑی پور روڈ ، کورنگی روڈ اور شاہراہ لیاقت پر تعینات کیے جائیں گے جہاں وہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے، شہریوں کو متبادل راستوں اور سفری سہولیات سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور بروقت مدد کے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق یونٹ کے قیام سے شہریوں کو محفوظ سفری ماحول میں رہنمائی ملے گی ، یہ یونٹ شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ دوران سفر پیش آنے والی مشکلات کے فوری حل اور مؤثر رہنمائی میں اہم کردار ادا کریگا۔
یونٹ کا مقصد ٹریفک قوانین ، روڈ سیفٹی اقدامات اور ذمہ دارانہ طرز ڈرائیونگ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر اور اس میں مزید اضافہ کرنا ہے۔