کراچی میں کچرا کنڈیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، وزیر بلدیات سندھ
اشاعت کی تاریخ: 25th, November 2025 GMT
وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور کچرا کنڈیوں کے خاتمے کو ناگزیر قرار دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے صوبائی وزیر محنت و سماجی تحفظ سعید غنی کے ہمراہ جیل چورنگی پل کے نیچے کچرا کنڈی فوری ختم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران سے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے کچرا کنڈیوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ گھر وں سے کچرا اٹھانے کے معیار کو بہتر بنائیں تاکہ کچرا کنڈیوں تک کچرا نہ پہنچے۔
شہید ملت روڈ کے دورے کے دوران وزیر بلدیات نے سڑکوں کی سوئپنگ کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت بھی دی۔ دورے کے دوران چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان سمیع، قائم مقام ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈغلام عباس میمن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر احسن رضا، و یگر افسران موجود تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملبہ اٹھانے کے لیے ضلع ایڈمنسٹریشن، پولیس اور متعلقہ ٹی ایم سی کی کوآرڈینیشن کے ساتھ لائحہ عمل بنائیں تاکہ جگہ جگہ ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جاسکے اور ملبے کو شہر میں پھینکنے کے عمل کو روکا جا سکے۔
علاوہ ازیں انہوں نے جی ٹی ایس امتیاز کا دورہ کیا اور جی ٹی ایس پر غیر متعلقہ افراد کا کچرے میں سے قابل استعمال اشیاء نکالنے اور کچرے میں آگ لگانے کے عمل کوروکنے کے لئے بھی حکمت عملی مرتب دینے کی ہدایت کی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ حواس باختہ ہوگئے ہیں، میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ حواس باختہ ہوگئے ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر ردعمل میں میئر کراچی نے کہا کہ جنگی اور سفارتی ناکامیوں پر بھارتی وزیر دفاع کے الزامات بوکھلاہٹ کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے خلاف بیانات پاکستان کی حالیہ سفارتی برتری کا ثبوت ہیں، انڈس ویلی کی تاریخ بدلنے کا بھارتی خواب چکنا چور ہی ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ نے قیام پاکستان سے بھی پہلے 1936 میں بمبئی پریذیڈنسی سے علیحدگی اختیار کی۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ برصغیر میں اسلام کا پہلا دروازہ سندھ تھا، انگریز دور میں سندھ کو زبردستی بمبئی کے ماتحت کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ نے1936ء میں جدوجہد سے بمبئی سے آزادی حاصل کی، قرارداد پاکستان کی پہلی منظوری سندھ اسمبلی نے دی۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی وزیر دفاع حواس باختہ ہوگئے ہیں، سندھ پاکستان کی نظریاتی بنیادوں میں شامل تھا، ہے اور رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت تاریخ کو مسخ کر کے خطے میں تناؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی، بھارت کا سندھ کےبارے میں موقف عالمی ریکارڈ کے خلاف ہے، حقیقت کبھی بدل نہیں سکتی۔