ملکی سالمیت، سکیورٹی اور شہریوں کے تحفظ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: فیلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 26th, November 2025 GMT
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور پیچیدہ چیلنجز کے باوجود مسلح افواج قومی سلامتی کیلئے پُرعزم ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، نیشنل سکیورٹی ورکشاپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک اہم پروگرام ہے، یہ پروگرام پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول و عسکری افسران اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کو یکجا کرتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کے شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ بہتر بارڈر کنٹرولز اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے تازہ پیشرفت سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا انٹیلی جنس، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی قومی سلامتی کے لیے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت، عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں، علاقائی صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے، بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل مسابقت، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ حربوں کے اثرات نمایاں ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا پاکستان ایک اہم ملک ہے اور اپنی حیثیت کے مطابق دنیا میں مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، معرکہ حق میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جذبے اور عزم نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا، ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی کے لیے ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر پاکستانی شہری کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر شہری کے تحفظ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم ان شاء اللہ اپنے دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مربوط قومی کاوشیں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی نہایت ضروری ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے
پڑھیں:
تیزی سے بڑھتی آبادی ملک کیلئے سب سے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو ملک کے لیے چیلنج قرار دے دیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ملک میں بہبود آبادی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اور بہبود آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی کی ضمانت ہے، آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، بہبود آبادی اقدامات سے متعلق صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید بہتر بنائی جائے، بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے مؤثر عوامی آگہی مہم کا کلیدی کردار ہے۔