نیپا واقعہ، کے ایم سی نے حادثے کا ذمہ دار بی آر ٹی اور نجی اسٹور انتظامیہ کو قرار دیدیا
اشاعت کی تاریخ: 3rd, December 2025 GMT
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا، کھدائی بی آر ٹی نے کی اور بعد میں صورتحال کو نظرانداز کیا، نجی اسٹور انتظامیہ اور بی آر ٹی کی مشترکہ وجہ سے بچہ گٹر میں گرا، افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیئے گئے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ کے ایم سی نے نیپا فلائی اوور کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذمہ دار بی آر ٹی تعمیرات اور ڈپارٹمنٹل اسٹور کی انتظامیہ کو قرار دیدیا۔ کے ایم سی نے گلشن اقبال ٹاؤن میں نیپا فلائی اوور کے قریب نجی اسٹور کے سامنے بچے کا گٹر میں گرنے کے واقعے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سیکرٹری محکمہ بلدیات کو بھجوا دی ہے۔ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا، گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معائنے میں ثابت ہوا حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں، بی آر ٹی منصوبے کی کھدائی کے باعث نالے کے پورے نکاسی کے نظام شدید نقصان پہنچایا، عارضی دو فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ کے ایم سی کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہول کھلا رہنے سے سانحہ ہوا، یہ طریقہ کار اور غیر معیاری ڈھکن کبھی کے ایم سی نے استعمال نہیں کیے۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کے ایم سی نے رپورٹ میں بی آر ٹی
پڑھیں:
نیپا چورنگی حادثے کے بعد اگلے ابراہیم کے جانے کا انتظار ہوگا، رکن اسمبلی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی شارق جمال نے کہا ہے کہ نیپا چورنگی پر پیش آنے والے اندوہناک حادثے کی تحقیقات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور اب اگلے ابراہیم کے جانے کا انتظار کیا جائے گا۔
نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے تین سالہ ابراہیم کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزرا ای چالان اور ربوٹ کی باتیں کرتے ہیں لیکن گٹر کا ڈھکن نہیں لگوا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی ذمہ دار صرف سندھ حکومت نہیں بلکہ تمام ٹاؤن چیئرمینز ہیں، ہم نے ابراہیم کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا تھا۔ شارق جمال نے انکشاف کیا کہ میرے حلقے میں بھی گٹر کے ڈھکن نہیں، اس پر آواز اٹھائی تو تحقیقات شروع کرنے کا اعلان ہوا مگر کوئی نتیجہ سامنے آیا اور نہ ہی بہتری ہوئی۔
شارق جمال نے کہا کہ نیپا چورنگی پر پیش آنے والے واقعے پر آج ہم نےا سمبلی کے اجلاس سے واک آوٹ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔ انہوں نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کچھ بھی نہیں ہوگا، انتظار ہوگا اگلے ابراہیم کے جانے کا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’صحافیوں نے میئر سے جو سوال آج پوچھے وہ بہت پہلے پوچھنے چاہیے تھے، لیکن میں میڈیا کا شکر گزار ہوں رات بھر انہوں نے اس مسئلے پر بات کی۔